سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت پاکستان بھیجنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
سابق آرمی چیف گذشتہ روز امائلائیڈوسس نامی غیر معمولی بیماری کے ساتھ طویل جنگ کے بعد انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 79 برس تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود ہمارا سفارتی عملہ پرویز مشرف کے خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سابق صدر کی میت کی پاکستان منتقلی کے سلسلے میں اہل خانہ کو ہر طرح کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
پرویز مشرف کا جسد خاکی کراچی میں سپرد خاک کیا جائے گا، ان کی میت کو خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان واپس لایا جائے گا۔
ان کی میت کی وطن واپسی کے عمل میں ان کے اہل خانہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) بھی جاری کر دیا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ میں قونصل جنرل حسن افضل خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہم خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں قونصل خانہ ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گا جب کہ قونصل خانے نے ان کی میت واپسی کے لیے این او سی بھی جاری کر دیا ہے۔
گذشتہ روز سابق صدر کی میت پاکستان لے کر جانے کے لیے اہل خانہ کی جانب سے قونصل خانہ دبئی میں درخواست کردی گئی تھی۔
پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ آج دبئی پہنچےگا، خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے دبئی کے المکتوم ایئر پورٹ پہنچے گا۔۔
سابق فوجی حکمران مارچ 2016 میں علاج کے لیے دبئی چلے گئے تھے اور اس کے بعد سے وہ پاکستان واپس نہیں آئے تھے۔