جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئرشہید
ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ تین دہشت گرد مارے گئے
پاکستان کے شمالی مغربی صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم شدہ ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈا میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ایک بریگیڈیئرشہید ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی محاذ پرمقابلے میں اپنی فورس کی قیادت کرتے ہوئے شہید اورسات اہلکار زخمی ہوگئے۔ان میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
بیان کے مطابق بریگیڈیئر برکی اور ان کی ٹیم نے مقابلے کے دوران میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے مزاحمت کی اورانھوں نے مادرِوطن میں امن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ افواج پاکستان اور انٹیلی جنس ادارے ملک کے ہر انچ سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اورہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کومزید مضبوط کرتی ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا ہی میں واقع ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دہشت گردوں نے گذشتہ رات کھوٹی کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کی تھی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو فوری طور پر بند کردیا تھا۔
ڈی آئی خان کے علاقے ساگو میں فرار ہونے والے دہشت گردوں کو روکا گیا اور وہاں فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں 42 سالہ حوالدار محمد اظہراقبال، 34 سالہ نائیک محمد اسد اور 22 سالہ سپاہی محمد عیسیٰ شہید ہوگئے ہیں۔
بیان کے مطابق حملے کی اطلاع پرسکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کوساگوکے علاقے میں گھیرلیاتھا اوروہاں ان کے درمیان شدید فائرنگ کا ہوا ہے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا اور سکیورٹی فورسزکاعلاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیرخارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے افسر اور جوانوں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے شہداء کو "دھرتی کے بہادر بیٹے" قرار دیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد حملے کی مذمت
— PPP (@MediaCellPPP) March 21, 2023
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا واقعے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس@BBhuttoZardari
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔انھوں نے کہا:’’فوج اور سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں پر حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا‘‘۔