پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت 'تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز' کے قیام کا اعلان کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف [پی ٹی آئی] سے راہیں جُدا کرنے کے بعد نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کی نئی جماعت کا نام پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز رکھا گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی سے علاحدگی کے بعد پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے اپنی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا۔ پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان صوبائی اسمبلی نے بھی ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

نئی پارٹی کی حمایت کرنے والے تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی میں اشتیاق ارمڑ، ضیا اللہ، غزن جمال، پیر فدا، آغاز گنڈاپور، احتشام جاوید، احمد حسین، فلک ناز، ابراہیم خٹک، وِلسن وزیر، ملک واجد، ارباب وسیم، شوکت علی، محب اللہ، اقبال وزیر، انور زیب، ظہور شاکر، عمران خٹک، مصورخان، شیر اکبر، آسیہ اسد، صالح محمد، ندیم خیال، یعقوب شیخ، وزیر زادہ، عزیز اللہ گران اور دیگر شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ان سے کہا کہ نئی پارٹی بنارہا ہوں اس میں شمولیت اختیار کریں جس پر ہشام انعام اللہ نے شکوہ کیا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے اور بعد میں میری حمایت نہیں کی۔ ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے وقت مانگا اور کہا کہ سیف اللہ برادران سے مشورہ کرکے آپ کو آگاہ کروں گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پشاور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ اولین ترجیح اپنی سیاسی جماعت کا قیام ہے۔ سیاسی رفقا سے مشاورت، فائل ورک جاری ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ترجیح اپنی سیاسی جماعت کا قیام ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں