خبردار! یہ گاڑی ٹیکس گزاروں کی ملکیت ہے
گلگت بلتستان میں سرکاری گاڑیوں پر آفیشل لوگو لگانے کا حکم
سرکاری گاڑیوں کے بے جا اور غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے گلگت بلتستان میں حکومت کی ملکیتی گاڑیوں پر آفیشل لوگو لگانے کا ایک انوکھا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے صوبے کے تمام اضلاع میں سرکاری گاڑیوں پر آفیشل لوگو پرنٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے اندر مختلف سرکاری محکموں کے زیر استعمال تمام سرکاری گاڑیوں کے بونٹ اور دونوں طرف کے دروازوں پر جی بی حکومت کا لوگو نمایاں طور پر آویزاں ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ ہر گاڑی پر واضح طور پر یہ لکھا ہونا چاہیے کہ یہ گاڑی عوامی فنڈز سے خریدی گئی ہے۔
ان ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سرکاری گاڑی واپس لے لی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال جیسے کے خاندان کے افراد کی جانب سے سرکاری گاڑی کا استعمال، سیر وسیاحت کے لیے سرکاری گاڑی کا استعمال یا کسی دوسری سرگرمی کے لیے سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو روکنے کے لیے سرکاری گاڑیوں پر آفیشل لوگو پرنٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیاحوں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ گلگت کی حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دیگر شہروں سے جو سیاح آتے ہیں وہ گلگت بلتستان کے روڈ، پانی بجلی سب استعمال کرتے ہیں لیکن حکومت کو ان سے کچھ حاصل نہیں ہو رہا ہے، لہذا سیاحوں پر ٹیکس عائد کر کے سالانہ 2 ارب روپے اضافی ٹیکس اکٹھا کرنے کا منصوبہ ہے۔