مشرق وسطیٰ

حماس کی اپیل پر احتجاج کراچی میں ''غزہ ملین مارچ'' امریکہ واسرائیل کی مذمت

جنوبی افریقہ کے عوام اور حکمرانوں کو عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ پیش کرنے پر مقررین کی مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

فلسطینی تحریک مزاحمت [حماس] کے قائد اسماعیل ہنیہ کی جانب سے اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی و جارحیت کے 100 دن ہونے پر دنیا بھر کے مسلمانوں سے احتجاج کرنے کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر مسلسل بمباری، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں، خواتین وبچوں سمیت سینکڑوں فلسطینیوں کی اموات کے خلاف اور اہل فلسطین اور تحریک حماس سے یکجہتی اور اتحاد امت کے اظہار کے لیے اتوار کو ملک کے کاروباری مرکز کراچی کی شاہراہ فیصل پر عظیم الشان ''غزہ ملین مارچ'' ہوا۔

مارچ میں شہر بھر سے لاکھوں مرد، خواتین اور مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شریک ہوئے۔ مارچ میں علماء، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ، تاجر، مزدور سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل کراچی نے زبردست مارچ منعقد کر کے پیغام دیا ہے کہ کراچی کے عوام جاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کی سرپرستی اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی کے باعث غزہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔ غزہ وفلسطین میں بچوں اورخواتین کو بے دریغ شہید کیا جا رہا ہے۔ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ 58 اسلامی ممالک کو اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں کے لیے اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔

اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

جماعت اسلامی نے سات اکتوبر کے بعد سے اب تک اہل غزہ و فلسطین کے لیے آواز اٹھائی ہے اوردیگر ممالک کے سفیروں سے ملاقاتیں اور عالمی سطح پر بھی اہل فلسطین کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ جماعت اسلامی نے اب تک ایک ارب چالیس کروڑ کی رقم فلسطینی مسلمانوں کے فنڈ میں بھجوائی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مارچ میں آنے والے لاکھوں مردو خواتین اور بچوں کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم یہاں رہ کر جو کچھ کر سکتے ہیں، وہ ضرور کریں گے، ہم امریکہ اور اسرائیل مردہ باد کہیں گے اور حماس کی حمایت کریں گے۔ ہم اسرائیل اور امریکہ کے مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے۔ ہمارا پیغام ہے کہ ہم حماس کے مجاہدوں، القسام بریگیڈ اور اہل غزہ کو بھلایا نہیں ہے۔

افسوس ہے کہ وہ جماعتیں جو خود کو قومی جماعتیں کہتی ہیں وہ اسرائیل کی مذمت نہیں کررہیں اور اقتدار کے لیے امریکہ طرف دیکھ رہی ہیں۔ پاکستان کے عوام نظریاتی ہیں اور عوام ان پارٹیوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے جنہوں نے اسرائیل اور امریکہ کی مذمت اورحماس کی حمایت نہیں کی۔

اسرائیل وامریکہ کی معیشت کو تباہ کرنے کے لیے پاکستانی برانڈ کی تشہیر کے لیے 20 اور 21 جنوری کو ایکسپو سینٹر میں نمائش منعقد کی جائے گی۔ ہم اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرکے پاکستانی برانڈ کی تشہیر کریں گے۔ کراچی کے عوام ایکسپو سینٹر میں پاکستانی برانڈ کی نمائش میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں۔ نمائش میں ہونے والا فائدہ اہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں کی امداد کے لیے مختص کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جنگ انسانیت کے دشمنوں اور ان کے مقامی ایجنٹوں کے خلاف ہے اور یہ جنگ ہم لڑتے رہیں گے۔ طوفان الاقصیٰ نے اسرائیل کو شکست دے دی ہے، اسرائیلی فوج حماس کا مقابلہ نہیں کر پا رہی۔ سو دن ہو گئے اسرائیلی فوج معصوم بچوں پر فضائی بمباری کر کے شہید کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم غزہ میں رہنا نہیں چاہتے لیکن حماس کے ساتھ جنگ جاری رکھیں گے۔ اسرائیل شکست کھا چکا ہے، اسرائیل کو طاقت امریکہ، برطانیہ اور یورپ نے فراہم کی ہے۔ نگراں وزیر اعظم سن لیں کہ مسئلہ فلسطین دو ریاستی حل نہیں بلکہ صرف فلسطین کی ریاست ہے۔ مسئلہ فلسطین کو دو ریاستی حل کہنے والا امریکی ایجنٹ کہلایا جائے گا۔ ہم بانی پاکستان کے فرمان سے روگردانی نہیں کرنے دیں گے۔

کراچی ریلی میں فلسطینی پرچم اور آزادی فلسطین کے بینرز: اے ایف پی
کراچی ریلی میں فلسطینی پرچم اور آزادی فلسطین کے بینرز: اے ایف پی

امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے یمن پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، جنوبی افریقہ کے عوام اور حکمرانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ پیش کیا۔ افسوس کا مقام ہے کہ عالم عرب اور پاکستان کے کسی حکمران نے مقدمہ پیش نہیں کیا۔

ڈاکٹر اسامہ رضی ، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ باقر عباس زیدی، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ شکیل احمد، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ، جے آئی یوتھ کراچی کے صدرہاشم یوسف ابدالی اور سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم الزماں نے بھی ملین مارچ سے خطاب کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں