آئی اے ٹی اے بورڈ نے سوئس پاکستانی خاتون کو نئی ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا

عالمی اقتصادی فورم میں کام کرنے والی سعدیہ زاہدی ادارے کی اولین خاتون ڈی جی ہوں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے سوئس پاکستانی سعدیہ زاہدی کو آئی اے ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے، عالمی ہوا بازی کے ادارے نے یہ بات اس ہفتے کہی۔

آئی اے ٹی اے 370 سے زیادہ ایئرلائنز کی نمائندگی کرتی ہے جو عالمی فضائی ٹریفک کا تقریباً 85 فیصد ہے۔ دنیا کو ملانے والی ایک محفوظ اور پائیدار عالمی ہوائی نقل و حمل کی صنعت کے لیے یہ نتظیم ہوابازی کی سرگرمیوں کے متعدد شعبوں کی حمایت کرتی ہے۔

یکم نومبر سے اپنا نیا عہدہ سنبھالنے والی زاہدی آئی اے ٹی اے کی نویں ڈائریکٹر جنرل اور اس عہدے پر تعینات ہونے والی اولین خاتون ہوں گی۔ وہ ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) سے آئی اے ٹی اے میں شامل ہو رہی ہیں جہاں وہ منیجنگ ڈائریکٹر اور منیجنگ بورڈ کی رکن ہیں۔

"بورڈ سعدیہ زاہدی کو آئی اے ٹی اے کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کرنے پر بہت خوش ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم میں سعدیہ کا طویل اور شاندار تجربہ آئی اے ٹی اے کو دنیا کی ایئرلائنز کی آواز کے طور پر بڑا اور مضبوط کرے گا،" آئی اے ٹی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ اور LATAM ایئرلائنز گروپ کے سی ای او رابرٹو الوو نے اس ہفتے ایک بیان میں کہا۔

زاہدی نے سمتھ کالج سے اکنامکس میں بی اے، دی گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ سے انٹرنیشنل اکنامکس میں ایم فِل اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ایم پی اے کیا۔

وہ اس وقت اپنے قائم کردہ ڈبلیو ای ایف کے سینٹر فار نیو اکانومی اینڈ سوسائٹی کی سربراہ ہیں۔ قبل ازیں وہ ڈبلیو ای ایف کے گلوبل کمیونیکیشنز گروپ، گلوبل پروگرامنگ گروپ اور ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ فورم کی مشغولیت کی قیادت کر چکی ہیں۔ وہ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خواتین کی اقتصادی بااختیاریت کے پینل اور یورپی خلائی ایجنسی کے اعلیٰ سطحی مشاورتی گروپ میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔

زاہدی نے کہا کہ اس اہم موقع پر "انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ آئی اے ٹی اے کے ایئرلائن انڈسٹری کی نمائندگی، قیادت اور خدمت کرنے کے مشن کو آگے بڑھانے میں مدد کریں"۔

"اقتصادی ترقی، تجارت، سیاحت، ملازمتوں، سرمایہ کاری اور مواقع کے لیے ہوابازی ایک اہم بنیادی ڈھانچہ ہے۔ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں قابلِ اعتماد معیارات، ضروری خدمات اور وکالت کے ذریعے صنعت کو مجتمع کرنے میں آئی اے ٹی اے کا کردار اس سے زیادہ اہم کبھی نہیں رہا،" انہوں نے ایک بیان میں کہا۔

نیز کہا، "میں اپنی ممبر ایئر لائنز، حکومتوں اور شراکت داروں کے ماحولیاتی نظام کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہوں تاکہ آئی اے ٹی اے کی شاندار بنیاد کو استوار کیا جائے۔ اور یہ یقینی بنایا جائے کہ ہوابازی جدت کو اپناتے ہوئے، لچک کو مضبوط کرتے ہوئے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھاتے ہوئے دنیا کو مربوط کرے۔"

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں