' بابا بخش طوطہ' دیرینہ خادم روضہ رسول
بخش طوطہ نے 35 سال مسجد نبوی کی نظافت کی خدمت میں گذار دیے
روضہ رسول کا دیدارعاشقان مصطفیٰ کی دلی تمنا تو ہے ہی مگر جسے اس در کی چاکری نصیب ہو جائے تو اس کی قسمت کے کیا کہنے۔ آئیے آپ بھی ایک ایسے ہی سچے عاشق رسول کا تعارف کریں جس کی زندگی کے 35 سال روضہ اقدس کی طہارت ونظافت اور مسجد نبوی کی خدمت میں گذر گئے۔
جی ہاں! ان خوش نصیب کا نام "بابا بخش طوطہ" ہے جو پیرانہ سالی کے باوجود لاٹھی ٹیکتے ہوئے اب بھی خدمت مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے لیے باعث صد افتخار سمجھتے ہیں۔ العربیہ ٹی وی کی رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کے پروگرام" حرمین شریفین سے" کے میزبان خمیس الزھرانی نے الشیخ بخش طوطہ" سے ملاقات کی اور ان کے خیالات معلوم کیے۔
سفید لمبی داڑھی، چہرے پر بڑھاپے کی جھریاں مگر ہونٹوں پر تبسم۔ الشیخ طوطہ نے بتایا کہ الحمد للہ میں پچھلے پینتیس سال سے حرم نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں مصروف ہوں۔ پہلے میں نے مسجد نبوی کے باب السلام میں نظافت کی خدمت انجام دی اور اس کے بعد اب باب عثمان میں خدمت انجام دے رہا ہوں۔ میں یہاں بہت خوش ہوں، مسجد کی انتظامیہ اور حکومت سب اچھے ہیں۔ وہ بہت خیال رکھتے ہیں۔
الشیخ بخش طوطہ مسلسل پچھلے 35 برسوں سے خادم روضہ رسول ہیں۔ سورج طلوع ہوتا ہے تو اس کی پہلی کرنیں الشیخ طوطہ پر اس وقت پڑتی ہیں جب وہ صفائی میں مصروف ہوتا ہے۔ اگرچہ اب بڑھاپے نے انہیں کافی کمزور بھی کر دیا ہے مگر جذبہ خدمت اب بھی جواں ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی نے بابا بخش طوطہ کو مسجد نبوی کی گیلریوں سے نکال کر سماجی ویب سائٹس کی دنیا تک پہنچا دیا۔ زائرین کیا مسجد نبوی کے منتظمین سب بابا بخش طوطہ کی خدمات کے معترف ہیں۔ بابا طوطہ کی عمر 70 سال سے زیادہ ہو چکی ہے۔ وہ اپنی کل زندگی کا نصف حرم مسجد نبوی کی خدمت میں گذارنے پر بہت خوش ہیں۔