تہران، ایران میں 26 مارچ 2025 کو ایک دکان پر شوکیس میں زیورات رکھے ہیں۔ (بذریعہ رائٹرز)

ایران کا سونے کے بڑے ذخائر کی دریافت کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مقامی میڈیا نے پیر کو اطلاع دی کہ ایران نے ملک کی ایک سب سے بڑی سونے کی کان میں ایک بڑا طلائی ذخیرہ دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رگوں کی شکل کا نیا ڈھانچہ مشرق میں واقع صوبہ جنوبی خراسان میں سونے کی نجی ملکیتی کان شادان میں پایا گیا جسے فارس نیوز ایجنسی نے "ملک کی اہم ترین کانوں میں سے ایک" قرار دیا۔

ایجنسی نے کہا کہ وزارتِ صنعت، معدن و تجارت نے نئے ذخائر کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا، "وسیع طلائی رگ کی دریافت کے بعد ملک کے مشرق میں شادان طلائی کان کے ثابت شدہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

نیز کہا کہ رگ نما طلائی ذخیرے میں تقریباً 7.95 ملین ٹن آکسائیڈ اور 53.1 ملین ٹن سلفائیڈ سونے کی چٹان ہے۔

اوّل الذکر کی کان کنی عموماً نمایاں طور پر آسان اور ارزاں ہوتی ہے۔

ایران نے اپنے قومی طلائی ذخائر کی مقدار کا باضابطہ انکشاف نہیں کیا ہے لیکن اس کا دعویٰ ہے کہ حالیہ برسوں میں اس کی خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اسنا نیوز ایجنسی کے مطابق ستمبر میں ایران کے مرکزی بینک کے گورنر محمدرضا فرزین نے کہا کہ بینک 2023-2024 میں سونا خریدنے والے دنیا کے پانچ چوٹی کے مرکزی بینکوں میں سے ایک تھا۔

مقامی میڈیا نے مرکزی بینک کے اہلکار یکتا اشرفی کے حوالے سے بھی کہا کہ سونے کے ذخائر میں اضافے سے بین الاقوامی پابندیوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ملکی معیشت کو تقویت ملے گی۔

ایران میں سونے کی 15 کانیں ہیں جن میں سب سے بڑی کان ملک کے شمال مغرب میں واقع زرشوران ہے۔

امریکہ اور مغربی دارالحکومتوں کا تہران پر الزام ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کو ہتھیار بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے جس کے بعد ایران کی معیشت پر پابندیاں لگ گئی ہیں - اس الزام کی تہران مسلسل تردید کرتا ہے۔

سونا کئی ایرانیوں کے لیے بھی ایک محفوظ سرمایہ کاری یا اثاثہ ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ڈالر کے مقابلے میں ایرانی ریال کے دائمی انحطاط کی وجہ سے ان کی قوتِ خرید کم ہوتی جا رہی ہے۔

ایکسچینج ریٹ ٹریکنگ سائٹس بونباسٹ اور ایلان چند کے مطابق پیر کے روز غیر رسمی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً 1.17 ملین ریال جبکہ یورو کی قیمت تقریباً 1.36 ملین ریال رہی۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں

اسی بارے میں