ترکی کے یالووا صوبے میں 29 دسمبر 2025 کو جینڈرمیری سپیشل فورسز کی ٹیم اس جگہ سے نکل رہی ہے جہاں ترک سکیورٹی فورسز کے مطابق ایک مکان میں داعش کے مشتبہ دہشت گرد موجود تھے۔ (فائل فوٹو: رائٹرز)

ترکیہ میں داعش سے تعلق کے شبے میں 110 افراد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے بتایا کہ ترکیہ کی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے منگل کے روز داعش گروپ کی حمایت میں سرگرمیاں انجام دینے کے شبے میں 110 افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی زیادہ تر استنبول میں شہر کے چیف پراسیکیوٹر کے دفتر کے تعاون سے انجام دی گئی۔

مشتبہ افراد پر غیر قانونی طور پر کلاسز منعقد کرنے، چھوٹے بچوں کو داعش کے نظریے کی تعلیم دینے، گروپ کے لیے رقم جمع کرنے اور داعش کے لیے نئے ارکان کو بھرتی کرنے کا الزام ہے۔

استنبول میں مرکوز یہ گرفتاریاں تین صوبوں میں بیک وقت چھاپوں کے دوران ہوئیں اور پولیس نے دستاویزات اور ڈیجیٹل مواد کے ساتھ چار رائفلیں اور 90 کارتوس قبضے میں لے لیے۔

وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے پولیس نے 47 صوبوں میں داعش کے مشتبہ افراد کو نشانہ بنانے والے چھاپوں میں مزید 324 افراد کو گرفتار کیا۔

سات اپریل کو استنبول میں اسرائیلی قونصل خانے کے باہر فائرنگ کے تبادلے میں ایک مسلح شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

وزیرِ داخلہ مصطفیٰ چیفتچی نے کہا کہ ان میں سے ایک کا تعلق "مذہب کا استحصال کرنے والی تنظیم" سے تھا جس کے بارے میں ترک میڈیا نے بتایا کہ یہ تنظیم داعش تھی۔

دسمبر کے آخر میں داعش کے دہشت گردوں نے شمال مغربی قصبے یالووا میں پولیس پر فائرنگ کی تھی جس میں تین اہلکار ہلاک اور نو دیگر زخمی ہوئے۔

اس کے بعد کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی مسلح لڑائی میں داعش کے چھے دہشت گرد بھی ہلاک ہو گئے تھے اور ترکیہ نے اگلے ہفتوں میں اس گروپ کے 600 سے زائد مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا۔

العربیہ کی تازہ خبریں Google News کے ذریعے حاصل کریں

اسی بارے میں