31 جولائی 2023 کو باجوڑ، پاکستان میں ایک خودکش دھماکے کے بعد تباہ شدہ املاک کا ایک عمومی منظر۔ (رائٹرز/سوشل میڈیا ویڈیو سے اخذکردہ سکرین گریب)
خیبرپختونخوا میں شادی کی تقریب میں خودکش حملہ، کم از کم سات افراد ہلاک
بدبخت بمبار نے شادی کی تقریب میں مہمانوں کے درمیان خود کو اڑا لیا
پولیس نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے جمعہ کو پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک شادی کی تقریب میں مہمانوں کے درمیان دھماکہ کر دیا جس میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ دھماکہ خیز جیکٹ سے کیا گیا۔
مقامی پولیس کے سربراہ عدنان خان نے بتایا کہ یہ حملہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں حکومت کے حامی کمیونٹی رہنما نور عالم محسود کے گھر پر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں نے متأثرین کو ہسپتال منتقل کیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
شادی کی تقریب جاری تھی اور مہمان ڈھول کی تھاپ پر رقص کر رہے تھے کہ بمبار نے حملہ کر دیا۔
فوری طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم شبہ پاکستانی طالبان کی طرف جانے کا امکان ہے جنہوں نے حالیہ برسوں میں ملک میں متعدد حملے کیے ہیں۔ یہ گروپ افغان طالبان دہشت گردوں سے الگ لیکن اس کا اتحادی ہے۔
جب 2021 میں امریکی اور نیٹو افواج نے 20 سالہ جنگ کے بعد ملک چھوڑ دیا تو افغانستان میں افغان طالبان نے دوبارہ اقتدار پر قبضہ کر لیا جس کے بعد سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد سے ٹی ٹی پی کے کئی رہنماؤں اور دہشت گردوں کو پناہ گاہیں ملی ہیں۔