مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی ایم بی سی گروپ نے سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں اپنے نئے ہیڈ کوارٹر(صدر دفاتر) کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔
ایم بی سی کا نیا ہیڈ کوارٹر الریاض میڈیا سٹی میں قائم کیا جائے گا۔یہ ثقافت ، میڈیا اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کا کاروباری مرکز ہے۔ایم بی سی گروپ اس نئے کاروباری مرکز سے آیندہ پانچ سال میں کام شروع کردے گا۔
الریاض میڈیا سٹی منصوبے کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان آل سعود اور ایم بی سی گروپ کے بورڈ کے چیئرمین شیخ ولید بن ابراہیم آل ابراہیم نے منگل کے روز اس نئے ہیڈ کوارٹر کے قیام کے لیے ایک سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔
ایم بی سی کے اس وقت صدر دفاتر دبئی میڈیا سٹی میں قائم ہیں۔ عرب دنیا کا یہ بڑا میڈیا ادارہ مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا (مینا) کے خطے میں آباد قریباً اٹھارہ کروڑ ناظرین کو ٹی وی کا مواد پیش کرتا ہے۔یہ گروپ خبری اور تفریحی موادسمیت مختلف نشریات پیش کرتا ہے۔
شیخ ولید آل ابراہیم نے کہا :’’ الریاض میں نئے صدر دفاتر کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ گروپ سعودی عرب میں ہونے والی ترقی کے ساتھ ساتھ چلنا چاہتا ہے،وہ میڈیا،تفریحی شعبے اور سکرین کے مواد کی تیاری کے لیےایک کھلے، ترقی یافتہ اور معاون سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ’’ہم پورے خطے میں اپنی قیادت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ہم بالخصوص ویژن 2030ء کے اعلان کے بعد سے سعودی عرب میں بروئے کار لائی جانے والی اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کے نتیجے میں ہونے والی شاندار ترقی کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔‘‘
العربیہ نیٹ ورک اور الحدث ٹی وی کے ادارتی بورڈ کے چیئرمین عبدالرحمان بن حمد الراشد نے بھی شہزادہ بدر بن عبداللہ کے ساتھ الریاض میڈیا سٹی میں ان دونوں چینلوں کے نئے مرکز کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کیے ہیں۔اس کا مقصد العربیہ نیوز نیٹ ورک اور الحدث کی خطے میں سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
عبدالرحمان الراشد نے اس موقع پر بتایا کہ الریاض میں العربیہ اور الحدث کے نئے مرکز میں نیوز ، ٹی وی اور ڈیجیٹل کی صنعت کے جدید آلات اور ٹیکنالوجی مہیا کی جائے گی۔اس توسیعی مرکز میں مطالعات اور خبری خدمات کے علاوہ ایک تربیتی ادارہ بھی قائم کیا جائے گا۔

الریاض میڈیا سٹی کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی حاصل ہے۔ یہ سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں کا حصہ ہے۔اس ویژن کا مقصد اور ہدف سعودی عرب کی معیشت اور معاشرت کو جدید اور متنوع بنانا ہے۔
واضح رہے کہ العربیہ ، الحدث اور العربیہ انگریزی تینوں چینل ایم بی سی گروپ کے ملکیتی ہیں۔اس گروپ کے تین اور چینل نوجوانوں ، ڈراموں اور تفریحی مواد پر مشتمل نشریات کے لیے مختص ہیں۔