.

دھماکوں سے تباہ مکان میں پیانو کے سر بکھیرتی لبنانی خاتون سے ملیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوشل میڈیا پر بیروت دھماکوں کی ہولناکی سے عبارت ویڈیوز گذشتہ رات سے گردش میں ہیں۔ تباہی اور بربادی کے ان مناظر کے جلو میں استقامت کی مجسم تصویر ایک ایسی ویڈیو بھی سامنے آئی ہیں جس میں ایک ادھیڑ عمر نامعلوم خاتون دھماکوں سے تباہ ہونے والی بیٹھک میں دنیا و مافیھا سے بے خبر پیانو بجا رہی ہے۔

ویڈیو میں دھماکوں کے بعد خاتون کے گھر کی کھڑکیوں پر لگے پردے ٹوٹ کر لٹک رہے ہیں جبکہ گھر کا ملبہ بھی فرش پر بکھرا پڑا ہے۔

العربیہ ویڈیو ریکارڈنگ کی جگہ کا تعین نہیں کر پایا، تاہم شہر بھر کے متعدد کاروباری مراکز اور مکانات کو بیروت کی بندرگاہ کے ویئر ہاؤس میں رکھے گئے کئی ٹن امونیم نائٹریٹ کے لوازمہ میں زوردار دھماکوں کے بعد اسی نوعیت کا نقصان پہنچا ہے۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے گورنر مروان عبود نے کہا ہے کہ بندرگاہ کے علاقے میں تباہ کن دھماکوں کے نتیجے میں تین سے پانچ ارب ڈالر تک مالی نقصان ہوا ہے اور مکانات اور عمارتیں تباہ ہونے سے کم سے کم تین لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

مروان عبود نے بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجنیئر اور ٹیکنیکل ٹیمیں ابھی دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کا سرکاری تخمینہ لگا رہی ہیں لیکن میرے خیال میں ڈھائی سے تین لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

ان کے بہ قول بیروت کی بندرگاہ کے نزدیک گودام میں تباہ کن خطرناک دھماکے سے آدھا شہر متاثر ہواہے۔دھماکے کے بعد بندرگاہ کے آس پاس سیکڑوں کثیر منزلہ عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں اور شاہراہوں پر کھڑی سیکڑوں گاڑیاں تباہ ہوچکی ہیں۔

لبنانی وزیر صحت حامد حسان نے کہا ہے کہ ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے درکار امدادی اشیاء کی ایک فہرست مرتب کر لی گئی ہے اور اس کو متعدد ممالک کو بھیج دیا گیا ہے۔دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ممالک نے لبنان کو دھماکے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ممکن امداد مہیا کرنے کی پیش کش کی ہے۔