گنج پن کے علاج میں بڑی پیش رفت، نئی سائنسی تحقیق نے ماہرین کو حیران کر دیا
بالوں کا جھڑنا دنیا بھر میں سب سے عام جمالیاتی اور طبی مسائل میں شمار ہوتا ہے، جو مختلف شدت کے ساتھ لاکھوں مردوں اور عورتوں کو متاثر کرتا ہے۔
اگرچہ گزشتہ دہائیوں میں بالوں کے علاج کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، لیکن موجودہ زیادہ تر طریقے صرف بالوں کے جھڑنے کی رفتار کم کرنے یا محدود حد تک نئی نشوونما کو متحرک کرنے تک محدود ہیں، جبکہ کھوئی ہوئی مکمل گھناہٹ کو بحال کرنا اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
تاہم 2026 میں تحقیق کا ایک نیا سلسلہ سامنے آ رہا ہے، جو اس میدان کے اصول بدل سکتا ہے۔ سائنسدان ایسی جدید ٹیکنالوجیز پر کام کر رہے ہیں ،جن کا مقصد بالوں کو اندرونی سطح پر دوبارہ اگانا ہے، یعنی غیر فعال فولیکلز کو دوبارہ متحرک کرنا یا حتیٰ کہ مکمل طور پر نئے بالوں کے فولیکلز تیار کرنا۔
موجودہ علاج اکثر ناکافی ثابت ہوتے ہیں
وہ افراد جو موروثی گنج پن کا شکار ہوتے ہیں، عموماً معروف علاج جیسے مقامی طور پر لگایا جانے والا منوکسڈیل یا وہ ادویات استعمال کرتے ہیں، جو DHT ہارمون کے اثر کو کم کرتی ہیں، یہی ہارمون بالوں کی جڑوں کے سکڑنے کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔
اگرچہ ان علاجوں نے بہت سے لوگوں میں مؤثر نتائج دکھائے ہیں، لیکن ان کی افادیت ہر شخص میں یکساں نہیں ہوتی اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مطلوبہ نتائج برقرار رکھنے کے لیے ان کا مسلسل استعمال ضروری ہوتا ہے۔ جیسے ہی علاج بند کیا جاتا ہے، بالوں کا جھڑنا دوبارہ شروع ہو جاتا ہے۔
اسی وجہ سے آج کل محققین اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ بالوں کی جڑ (فولیکل) کی زندگی کے چکر کو کن بنیادی حیاتیاتی عوامل کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے، تاکہ ایسے علاج تیار کیے جا سکیں، جو بالوں کی نشوونما کو زیادہ دیرپا اور مؤثر انداز میں دوبارہ فعال کر سکیں۔
بالوں کے فولیکلز کو متحرک کرنے کے لیے ''اسمارٹ انجکشن''
سائنسی تحقیق میں سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی جدید اختراعات میں ایک تجرباتی علاج شامل ہے جسے ABS-201 کہا جاتا ہے۔ یہ علاج روایتی طریقوں سے مختلف ہے کیونکہ یہ ایک ایسے حیاتیاتی ہدف کو نشانہ بناتا ہے جسے ''پرولیکٹن ریسیپٹر'' کہا جاتا ہے، ابتدائی شواہد کے مطابق یہ ریسیپٹر بالوں کے فولیکلز کی سرگرمی کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
قبل از کلینیکل مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ریسیپٹر کو غیر فعال کرنے سے غیر فعال (خوابیدہ) فولیکلز کو دوبارہ نشوونما کے فعال مرحلے میں لایا جا سکتا ہے۔
جانوروں پر کیے گئے تجربات میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں، جہاں گنج پن کا شکار ماکاک بندروں میں علاج کے بعد بالوں کی کثافت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ چوہوں میں روایتی علاج کے مقابلے میں بالوں کی نشوونما زیادہ تیز رہی۔فی الحال یہ ٹیکنالوجی انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز کے مراحل سے گزر رہی ہے تاکہ اس کی مؤثریت اور محفوظ ہونے کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
اسٹیم سیلز کی دوبارہ پروگرام
نگہر بال کی جڑ (فولیکل) میں ایسے اسٹیم سیلز موجود ہوتے ہیں، جو ضرورت پڑنے پر نئی نشوونما کا چکر شروع کرتے ہیں۔ جب یہ خلیات طویل عرصے تک غیر فعال حالت میں چلے جائیں تو بالوں کی نشوونما سست ہو جاتی ہے یا مکمل طور پر رک سکتی ہے۔
اسی تناظر میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ فولیکل کے اسٹیم سیلز اپنی حالت کے مطابق توانائی پیدا کرنے کے مختلف طریقوں پر انحصار کرتے ہیں۔ ان مطالعات میں یہ بات سامنے آئی کہ ان خلیات کے اندر لیکٹیٹ (Lactate) کی پیداوار میں اضافہ انہیں دوبارہ ''بیدار'' کرنے اور فعال حالت میں لانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
اس دریافت کے نتیجے میں ایک نیا مقامی مرکب تیار کیا گیا ہے ،جسے PP405 کہا جاتا ہے، جس کا مقصد اسی قدرتی عمل کو متحرک کرنا ہے۔
محققین کے مطابق یہ طریقہ علاج ایک نئی سمت کی بنیاد رکھ سکتا ہے، جہاں مقصد صرف بیرونی طور پر بالوں کی نشوونما کو تحریک دینا نہیں بلکہ براہِ راست فولیکل کو اندر سے دوبارہ فعال کرنا ہے۔
قدرتی شکر جو حیران کن امکانات رکھتا ہے
غیر متوقع سائنسی دریافتوں میں ایک اہم مشاہدہ ایک قدرتی شکر ڈی آکسی رائبوز (Deoxyribose) کے ممکنہ کردار سے متعلق ہے، جو ڈی این اے کا ایک بنیادی جزو بھی ہے۔ ابتدا میں یہ تحقیق زخموں کے بھرنے کے عمل پر مرکوز تھی، تاہم دورانِ مطالعہ سائنسدانوں نے دیکھا کہ اس مادے سے علاج کیے گئے چوہوں میں متاثرہ علاقوں میں بالوں کی نمایاں نشوونما بھی ہونے لگی۔
مزید تفصیلی تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ شکر بالوں کی جڑوں کے گرد نئی خون کی نالیوں (blood vessels) کی تشکیل کو فروغ دیتا ہے، جس کے نتیجے میں فولیکلز تک آکسیجن اور ضروری غذائی اجزاء کی ترسیل بہتر ہو جاتی ہے۔
اگرچہ یہ نتائج ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں، لیکن محققین کے مطابق یہ مادہ مستقبل میں بالوں کی نشوونما کو متحرک کرنے کے لیے ایک سادہ مگر امید افزا علاج کے طور پر سامنے آ سکتا ہے۔
لیبارٹری میں تیار کی جانے والی بالوں کی جڑیں
اگر پہلے طریقہ علاج کا مقصد موجودہ بالوں کی جڑوں کو دوبارہ فعال کرنا تھا، تو بعض سائنسدان ایک زیادہ جرات مندانہ ہدف پر کام کر رہے ہیں، یعنی مکمل طور پر نئی بالوں کی جڑیں (فولیکلز) تیار کرنا۔جاپان اور امریکہ میں تحقیق کرنے والی ٹیموں نے اسٹیم سیلز اور ٹشو انجینئرنگ کی جدید تکنیکوں کے ذریعے لیبارٹری میں بالوں کی جڑیں تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ مصنوعی فولیکلز صرف بال پیدا کرنے تک محدود نہیں رہے بلکہ انہوں نے قدرتی اسکن کے بالوں کی طرح مکمل اور باقاعدہ نشوونما کے چکر بھی دکھائے۔
محققین کو امید ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں ان افراد کے لیے ایک مؤثر حل فراہم کر سکتی ہے جن کے فولیکلز مکمل طور پر ختم ہو چکے ہیں، جیسے شدید گنج پن، جلنے کے واقعات یا بعض جلدی بیماریوں کے باعث بالوں کا مستقل نقصان۔
بالوں کی نشوونما سے متعلق نیا انکشاف
ایک تازہ سائنسی پیش رفت میں جدید امیجنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بالوں کی نشوونما اس انداز سے نہیں ہوتی جس طرح دہائیوں سے سمجھا جاتا تھا۔
حالیہ تحقیق کے مطابق فولیکل کے اندر موجود مخصوص خلیات ایک منظم حرکت کے ذریعے بال کو آہستہ آہستہ اوپر کی جانب کھینچتے ہیں، جبکہ پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ بال صرف جڑ سے باہر کی طرف ''دھکیلا ''جاتا ہے۔یہ نیا مشاہدہ بالوں کی نشوونما کے حیاتیاتی عمل کو زیادہ درست اور تفصیلی انداز میں سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
محققین کے مطابق اس دریافت سے ایسے علاج تیار کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، جو براہِ راست اسی بنیادی میکانزم کو نشانہ بنائیں، جس کے ذریعے بال اپنی نشوونما مکمل کرتا ہے۔
یہ علاج کلینکس تک کب پہنچیں گے؟
اگرچہ ان سائنسی دریافتوں کے گرد کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر طریقہ علاج کو عام استعمال تک پہنچنے میں ابھی وقت درکار ہے۔ کسی بھی نئی تھراپی کو کلینکس میں متعارف کرانے سے پہلے کئی سال تک کلینیکل ٹرائلز سے گزرنا پڑتا ہے، تاکہ اس کی مؤثریت اور طویل مدتی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کی لاگت، بڑے پیمانے پر پیداوار اور عملی دستیابی جیسے پہلوؤں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔
تاہم قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں بالوں کی نشوونما اور دوبارہ پیدا کرنے والی تحقیق کے منصوبوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس رفتار کو مصنوعی ذہانت، اسٹیم سیل ریسرچ اور ری جنریٹو میڈیسن میں ہونے والی پیش رفت نے مزید تیز کر دیا ہے، جس سے اس شعبے میں نئی امیدیں جنم لے رہی ہیں۔
مستقبل زیادہ امید افزا
کچھ عرصہ پہلے تک بالوں کے علاج کا بنیادی مقصد صرف جھڑتے ہوئے بالوں کو کم کرنا اور موجودہ بالوں کو برقرار رکھنا تھا۔
تاہم آج سائنسدان اس امکان پر بات کر رہے ہیں کہ مستقبل میں نہ صرف بالوں کے جھڑنے کو روکا جا سکے گا بلکہ مکمل طور پر گم شدہ بال بھی دوبارہ اگائے جا سکیں گے، چاہے وہ غیر فعال فولیکلز کو دوبارہ متحرک کر کے ہو یا نئی بالوں کی جڑیں تیار کر کے۔
اگرچہ گنج پن کا حتمی اور مکمل علاج ابھی دستیاب نہیں، لیکن تیزی سے ہونے والی سائنسی پیش رفت یہ اشارہ دیتی ہے کہ آنے والے برسوں میں ایسے زیادہ مؤثر اور دیرپا حل سامنے آ سکتے ہیں ،جو اس مسئلے کے موجودہ علاج سے کہیں بہتر ہوں گے۔ یہ پیش رفت دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے لیے ایک نئی امید پیدا کر رہی ہے، جو اس عام اور دیرینہ مسئلے کا حل تلاش کر رہے ہیں۔