سپیس کمیشن سعودی عرب اور اٹلی کی خلائی ایجنسی نے ریاض میں پرامن مقاصد کے لیے خلائی سرگرمیوں کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان اور اٹلی کے وزیر خارجہ کی موجودگی میں پیر کے روز دستخط کیے گئے۔
دونوں فریق خلا کے پرامن استعمال میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ خلائی سرگرمیوں کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ خلائی ٹکنالوجی کا تبادلہ عمل میں آئے گا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے ماہرین ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے۔
مملکت کی جانب سے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر محمد التمیمی اور اٹلی کی جانب سے ایجنسی کے سربراہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور اٹلی مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ مفاہمتی یادداشت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس کی بدولت علاقائی وبین الاقوامی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان ٹکنالوجی وخلائی شعبے کے فروغ میں مدد ملے گی۔