صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے صدر اور امام کعبہ الشیخ ڈاکٹرعبدالرحمٰن بن عبدالعزیز السدیس نے حرمین شریفین کی دیگر قیادت کے ہمراہ حجر اسود اور کعبہ شریف کو عطر سے دھو کر ان مقدس مقامات کو معطر کیا۔
اس موقعے پر امام کعبہ اور صدارت عامہ برائے امور حرمین کے سرراہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین اور زائرین کی خدمت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پہلی ترجیح ہے۔
وہ بیت اللہ میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کو ہر چیز پر مقدم رکھتے ہیں۔ کعبہ شریف اور دیگر مقدسات کی دیکھ بھال سعودی قیادت کی اولین ترجیح ہے۔
جنرل پریذیڈنسی برائے امور حرمین شریفین کی جانب سے خانہ کعبہ کو معطرکرنے کے لیے اعلی درجے کی عود کا استعمال کیاجاتا ہے۔ خانہ کعبہ کو معطر کرنے کے لیے حاصل کیا گیا عود انتہائی اعلی معیار کا ہے جسے حجر اسود اور غلاف کعبہ پر لگایا جاتا ہے۔