خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا طبی معائنہ، پھیپھڑوں میں انفکشن کا انکشاف
طبی ٹیم کا انفیکشن ختم ہونے تک اینٹی بائیوٹکس پر مشتمل علاج کے پروگرام سے گزارنے کا فیصلہ
سعودی شاہی عدالت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا جدہ کے السلام پیلس کے شاہی کلینکس میں طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا۔ طبی معائنہ کے دوران شاہ سلمان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ طبی ٹیم نے فیصلہ کیا کہ جب تک سوزش ختم نہ ہو جائے سعودی فرماں روا کو جدہ کے السلام پیلس میں اینٹی بائیوٹک پر مشتمل علاج کے پروگرام سے گزرنا چاہیے۔
سعودی رائل کورٹ نے خادم حرمین شریفین کا طبی معائنہ کرانے کے حوالے سے بیان میں کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو جوڑوں میں درد کی شکایت تھی۔ اتوار کے روز 11 ذوالقعد 1445 ہجری اور 19 مئی 2024 عیسوی کو میڈیکل ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا اور کچھ ٹیسٹ کرائے گئے۔