مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ایئر ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’جوبی‘ نے اعلان کیا ہے کہ 2026 سے صارفین کے لیے ’بلیڈ ایئر موبلٹی‘ Blade Air Mobility کی ہیلی کاپٹر سروس ’اوبر‘ ایپ پر بکنگ کے لیے موجود ہو گی۔
نیویارک اور جنوبی یورپ میں مقیم 'اوبر' کلائنٹس ترجیحی بنیادوں پر اس سروس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس سہولت سے ایئر پورٹس سمیت اہم جگہوں تک بکثرت سفر کرنے والے صارفین استفادہ کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک ماہ قبل ’جوبی‘ نے ’بلیڈ‘ کے مسافر ٹرانسپورٹ سیکشن کو 125 ملین ڈالر کے عوض خرید لیا تھا؛ تاہم کمپنی کا میڈیکل ونگ مرنے کے بعد بطور عطیہ دیے گئے اعضا کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کا کام بدستور الگ حیثیت میں جاری رکھے گا۔
’العربیہ بزنس‘ کو ’ٹیک کرنچ‘ ویب گاہ کی براوزنگ کے دروان حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق دونوں کمپنیاں اس اقدام کو ’جوبی‘ کی بجلی سے جلنے والی ایئر ٹیکسیوں (eVTOL) کے آغاز سے متعلق تیاریوں کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔ اس ضمن میں کمپنی کی پہلی تجارتی سروس 2026 میں دبئی سے شروع ہو گی اور بعد ازاں اسے امریکہ سمیت دیگر منڈیوں تک توسیع دی جائے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ’اوبر‘ اور ’جوبی‘ کے درمیان دیرینہ کاروباری روابط قائم ہیں۔ 2020 میں ’جوبی‘ نے 'اوبر' کے ذیلی شعبے ’الیویٹ‘ کو سودا کیا جس سے برقی رو سے چلنے والے جہازوں کے مقابلے میں اس کی پوزیشن مزید مضبوط ہو گئی۔
واضح رہے کہ فی زمانہ ’اوبر‘ کے پاس ’جوبی‘ کے تقریباً اڑھائی فیصد حصص ہیں، جبکہ ’فولوکوپٹر‘ اور ’لیلیوم‘ جیسی اس کی مدمقابل کمپنیاں شدید مالی بحران کا شکار ہیں، جو دیوالیہ پن تک جا پہنچی ہیں۔