لاس ویگاس شہر میں میکسیکو سے تعلق رکھنے والے ساؤل "کینیلو" آلفاریز اور امریکی ٹیرینس کروفورڈ کے درمیان ہونے والے تاریخی مقابلے سے قبل ایک بڑی پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ باکسنگ کی یہ منفرد مقابلہ آئندہ ہفتہ ایلیجینٹ سٹیڈیم کے رِنگ میں سجنے جا رہا ہے۔ یہ ایونٹ ریاض سیزن 2025 کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
تقریب میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور سعودی باکسنگ فیڈریشن کے صدر ترکی آل الشيخ میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے۔ انہوں نے اس بازی کی تاریخی اہمیت اور عالمی باکسنگ کے سفر میں اس کے فیصلہ کن موڑ پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی جو کینیلو یا کروفورڈ کو لگنے والی مبینہ چوٹوں سے متعلق تھیں۔ ان کا کہنا تھا "بہت سے لوگ کینیلو کے گھٹنے یا کروفورڈ کے کندھے کی چوٹ کی بات کر رہے تھے، لیکن یہ سب بے بنیاد افواہیں ہیں۔ میں کینیلو کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ فائٹ لڑنا قبول کی اور اس کے انعقاد پر رضا مندی ظاہر کی۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم نے ان کے ساتھ تین مقابلوں کے لیے باکسنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ کیا ہے۔
آل الشيخ نے امید ظاہر کی کہ ہفتے کے روز ہم ایک شاندار مقابلہ دیکھیں گے جس میں دونوں کھلاڑی اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ میرے لیے سب سے اہم ان کی سلامتی ہے، لیکن دنیا بھر کے شائقین جوش و خروش اور ایک ایسی بازی سجی دیکھنا چاہتے ہیں جو اس کھیل کے حقیقی مقام کو نمایاں کرے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ لاس ویگاس میں ہونے والی بازی خاص اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس شہر کا نام ہمیشہ تاریخ کے بڑے مقابلوں کے ساتھ جڑا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عظیم کمپنی کے ساتھ، ایک عالمی پلیٹ فارم پر دو عظیم کھلاڑیوں کی موجودگی میں ایک منفرد اور غیر معمولی لمحہ ہے۔
کانفرنس کا مقام ٹی موبائل ہال میڈیا اور شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ نشستیں نامہ نگاروں اور بین الاقوامی سپورٹس چینلز کے نمائندگان سے بھری ہوئیں تھیں، جبکہ سیکڑوں شائقین بھی وہاں موجود تھے تاکہ مقابلے کے سلسلے میں ہونے والے کاونٹ ڈاون کا ماحول دیکھ سکیں۔ ہر بیان پر تالیاں اور نعرے لگتے رہے اور کیمرے لمحہ بہ لمحہ مناظر محفوظ کرتے رہے۔ یہ سب کچھ اس عالمی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے جو "صدی کے مقابلہ" کا خاصہ بنتی جا رہی ہے۔
میکسیکن باکسر کینیلو نے پریس کانفرنس میں بھرپور جوش و جذبہ دکھایا۔ ان کا کہنا تھا "میں خود کو بہترین حالت میں محسوس کر رہا ہوں۔ یہ مقابلہ میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے اور میں مکمل طور پر تیار ہوں۔ ہفتے کی رات کا شدت سے انتظار ہے۔ میں اس تقریب میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ایک بار پھر کہتا ہوں کہ میرا جوش بے پناہ ہے اور انتظار مشکل ہو رہا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ پیش آئند مقابلہ ان کی پچھلی کامیابیوں کے مقابلے میں کہاں کھڑا ہے تو کینیلو نے پُراعتماد لہجے میں کہا "یہ مقابلہ میرے لیے بے حد بڑا ہے، بلکہ بلا شبہ میری کیریئر کے سب سے بڑے مقابلوں میں شمار ہو گا۔ اس میں فتح حاصل کرنا میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے اور یہ میری کامیابیوں کے عروج پر ہوگا۔"
ایک جذباتی لمحے میں کینیلو نے اپنی باکسنگ سے محبت اور کیریئر کے بارے ہسپانوی زبان میں بات کرتے ہوئے کہا:"میں ہمیشہ سے اپنے کام، یعنی باکسنگ، کو عزت اور محبت دیتا آیا ہوں۔ نظم و ضبط اور ایک منفرد شخصیت بننے کی خواہش نے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے۔ میں صرف اس کھیل کی محبت میں کامیاب ہوا ہوں، ورنہ راستہ بہت مشکل ہے۔ یہ سفر آسان نہیں ہے، بہت زیادہ قربانیوں اور محنت کی ضرورت پڑتی ہے، لیکن میرا جنون اور شوق ہمیشہ مجھے آگے بڑھاتا رہا ہے۔
دیوڈ بیناویدیز کے ساتھ ممکنہ مستقبل کی فائٹ کے سوال پر کینیلو نے کہا: میں کسی چیز کے لیے نہ نہیں کہتا، آگے دیکھیں گے۔ فی الحال میرا سارا دھیان صرف اسی نزال پر ہے۔
انہوں نے اپنی تربیت کے دوران جیرونٹس "بوٹس" اینس کے ساتھ کام کرنے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا:"میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ جم میں بہترین پارٹنرز موجود ہوں کیونکہ ایک مضبوط حریف کی ضرورت تربیت کے دوران بھی پڑتی ہے۔ اینس فیملی کے ساتھ میرا پرانا تعلق ہے، اس کا بڑا بھائی اُس وقت موجود تھا جب میں نے شین موسلی کا سامنا کیا تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ جیرونٹس نے کیمپ جوائن کیا اور بہترین تیاری میں میرا ساتھ دیا۔
اپنی متوقع کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کینیلو نے کہا:"میں اپنی بہترین صلاحیتیں پیش کروں گا۔ یہ میری سب سے شاندار فائٹ ہوگی اور میں رنگ میں سب کچھ جھونک دوں گا۔ آپ لوگ دیکھیں گے کہ میری طاقت کے تمام پہلو نمایاں ہوں گے۔ اگر ناک آؤٹ آیا تو بہت اچھا ہوگا، ورنہ میں اپنی اہلیت ثابت کر دوں گا۔
رنگ میں انٹری کے سوال پر کینیلو نے حاضرین کو حیران کرتے ہوئے کہا:"اس بار میں صرف اپنی ٹیم کے ساتھ ہی انٹری کروں گا۔ ہم نے اپنی ساری زندگی اس لمحے کا انتظار کیا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ یہ خاص لمحہ صرف میرے اور میری ٹیم کے لیے ہو۔
کینیلو نے اپنے کیریئر پر کمال شکرگزاری کا اظہار بھی کیا اور کہا:میرے لیے یہ ایک فیصلہ کن لمحہ ہے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ زندگی میں ابھی بڑے مواقع باقی ہیں۔ میں اس کھیل کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے سیدھا راستہ دکھایا اور اس مقام تک پہنچایا۔ میں ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو میرے ساتھ کھڑا رہا یا پھر رخصت ہوگیا، کیونکہ ہر ایک نے مجھے کچھ نہ کچھ سکھایا اور میری زندگی پر اثر ڈالا ہے۔
امریکی سٹار ٹیرینس کروفورڈ نے بھی بھرپور اعتماد دکھایا اور کہا:بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ میں نے بڑے ناموں کا سامنا نہیں کیا یا مضبوط حریفوں کا تجربہ نہیں کیا۔ ہفتے کے روز ہم سب حقیقت کو رِنگ میں دیکھیں گے۔
اس نزال کے باکسنگ پر اثر کے بارے میں انہوں نے کہا: میرا خیال ہے کہ اس قسم کے مقابلے باکسنگ کے فروغ میں مدد دیتے ہیں، کیونکہ یہ بہترین کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے سامنے لاتے ہیں۔ یہی چیز اس کھیل کو مزید مضبوط بنائے گی، کیونکہ بڑے باکسرز اب ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ مقابلے کریں گے۔
اپنے لیے عظمت کے معنی کے بارے میں انہوں نے کہا:عظمت میرے لیے اس مرحلے پر سب کچھ ہے، کیونکہ میرے سامنے ایک ایسا موقع ہے جو کسی باکسر نے پہلے حاصل نہیں کیا، یعنی تیسری باردنیا کا بے تاج چیمپیئن بننا ۔ میں وہ پہلا شخص تھا جس نے یہ کام دو بار مردوں کی کیٹیگری میں کیا، اور میں وہ پہلا ہوں گا، جو اسے تین بار کرے گا۔
مقابلے سے پہلے اپنی تشویش کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے واضح طور پر جواب دیا: کچھ بھی نہیں، بالکل نہیں۔ ہم نے تمام ضروری تیاریاں کر لی ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ کینیلو ایک سخت چیلنج ہے، اور یہی چیز اس مقابلے کو ایک لیجنڈ بنانے کا موقع بناتی ہے۔
اپنے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا:مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل کیا لے کر آئے گا، اور میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ میرے کیریئر کا سب سے عظیم مقابلہ ہے یا نہیں۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ عظیم چیزیں ابھی میرا انتظار کر رہی ہیں۔ فی الحال میری توجہ صرف اسی نزال پر مرکوز ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر، آخری فیس آف تقریب منعقد ہوئی جس میں آل شیخ اور ڈانا وائٹ بھی موجود تھے، جنہوں نے پریس کانفرنس کی میزبانی کی۔ شائقین کل ہونے والی رسمی وزن چیک (ویٹ اِن) کے منتظر ہیں، جو ٹی-موبائل اریینا میں ہو گا اور یہ عالمی مقابلے ہفتہ تقریبات کی روایتی آخری تقریب ہو گی۔