2026 میں چاند گرہن کے 10 اہم مناظر، ایک انتہائی منفرد ہوگا

23 دسمبر کو چاند گزشتہ تقریباً آٹھ سالوں کے مقابلے میں سب سے بڑا اور روشن ترین ہوگا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

ویب سائٹ ’’ سپیس ‘‘کی رپورٹ کے مطابق بڑی تعداد میں "سپر مونز" (عظیم چاند) کا ظہور اور مکمل چاند گرہن جسے "بلڈ مون" (خونی چاند) کہا جاتا ہے اگلے قمری سال کے نمایاں ترین واقعات ہیں۔ سال کے دوران ہلال اور سیاروں کے درمیان کئی خوبصورت ملاپ بھی دیکھے جا سکیں گے۔ ان میں سے زیادہ تر واقعات کو عام آنکھ سے دیکھا جا سکے گا تاہم دوربین کے ذریعے ان کا زیادہ درست مشاہدہ ممکن ہے۔

1. سال کا پہلا سپر مون

سال 2026 کا پہلا سپر مون آج 3 جنوری کو شام کے وقت میں دیکھا جا سکے گا۔ یہ اس سال کا پہلا مکمل چاند ہوگا جسے "وولف مون" کہا جاتا ہے۔ یہ حجم میں بڑا اور زیادہ روشن نظر آئے گا کیونکہ یہ زمین سے اپنے قریب ترین مقام پر ہوگا۔ اگرچہ یہ 2026 کے تین سپر مونز میں سے پہلا ہے لیکن یہ چار چاندوں کے اس سلسلے کا آخری ہے جو 2025 کے اواخر میں شروع ہوا تھا۔

2. ہلال اور عطارد

18 فروری 2026 کو غروبِ آفتاب کے تقریباً 45 منٹ بعد چاند کے انتہائی باریک ہلال اور چھپے ہوئے سیارے عطارد کا ملاپ دیکھا جا سکے گا۔ چاند مغربی افق پر بہت نیچا اور انتہائی کم روشنی (2 فیصد) کے ساتھ نظر آئے گا۔ اس لیے اسے دیکھنے کے لیے ممکنہ طور پر دوربین کی ضرورت ہوگی۔ اس کے نیچے زہرہ اور اوپر زحل نظر آئیں گے۔

3. بلڈ مون

مکمل چاند گرہن یا بلڈ مون عام طور پر تین کے گروہوں میں ہوتے ہیں، 2025 میں دو فلکیاتی واقعات ہوئے اور آخری واقعہ دو اور تین مارچ 2026 کی رات سے صبح سویرے تک ہوگا۔ یہ 2029 تک ہونے والا آخری مکمل گرہن ہے۔ اس دوران مکمل چاند زمین کے سائے سے گزرے گا اور 58 منٹ تک سرخی مائل نارنجی "بلڈ مون" میں تبدیل ہو جائے گا۔ اسے مغربی شمالی امریکہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، مشرقی ایشیا اور بحر الکاہل کے حصوں سے دیکھا جا سکے گا۔

4. ہلال اور زہرہ

20 مارچ کو غروبِ آفتاب کے 45 منٹ بعد ایک چمکدار سیارے کے قریب چھوٹا سا چاند دیکھنا اس وقت ممکن ہوگا جب 5 فیصد روشنی والا بڑھتا ہوا ہلال چمکدار سیارے زہرہ کے اوپر نظر آئے گا۔ ماہرین مغربی افق پر کھلی جگہ تلاش کرنے اور واضح مشاہدے کے لیے دوربین استعمال کرنے کی سفارش کر رہے ہیں۔

5. ہلال، زہرہ اور ثریا

19 اپریل کو غروبِ آفتاب کے ایک گھنٹے بعد مغرب کی طرف دیکھنے پر ایک خوبصورت منظر دیکھا جا سکے گا جہاں 9 فیصد روشن ہلال ’’ثریا ‘‘ یا سات بہنوں کے جھرمٹ کے قریب ہوگا اور چمکدار زہرہ اس کے نیچے نظر آئے گا۔

6. جزوی چاند گرہن

سال 2026 کا دوسرا چاند گرہن 27 اور 28 اگست کو اندھیرا چھانے کے بعد ہوگا جو شمالی و جنوبی امریکہ، یورپ اور افریقہ سے نظر آئے گا۔ لیکن یہ مارچ کے گرہن جتنا متاثر کن نہیں ہوگا کیونکہ چاند کا ایک چھوٹا حصہ (4 فیصد) زمین کے مرکزی سائے سے باہر رہے گا جس سے چاند کی سطح سرخی مائل نظر آئے گی۔ اگرچہ یہ مکمل گرہن نہیں ہوگا لیکن زمین کے سائے کے کنارے کا چاند پر آہستہ آہستہ حرکت کرنا ایک شاندار منظر ہوگا۔

7. "ہنی بی کلسٹر" میں چاند

8 ستمبر 2026 کو طلوعِ آفتاب سے 45 منٹ پہلے مشرق کی طرف دیکھنے پر 9 فیصد روشن خوبصورت ہلال "ہنی بی کلسٹر" یا شہد کی مکھی کے جھرمٹ کے نیچے دیکھا جا سکے گا جسے M44 بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ستاروں کی دنیا تقریباً 1000 ستاروں پر مشتمل ہے اور نظامِ شمسی سے 600 نوری سال دور ہے۔ M44 کو واضح طور پر دیکھنے کے لیے دوربین کی ضرورت ہوگی۔

8. چاند اور زحل کا ملاپ

26 ستمبر 2026 کو غروبِ آفتاب کے بعد چاند زحل کے قریب نظر آئے گا۔ زحل 2026 کے آخر میں رات کے آسمان پر نمایاں ہوگا لیکن چاند کے قریب سے گزرنے پر یہ زیادہ واضح دکھائی دے گا۔

9. ہلال اور مشتری

چھ اکتوبر کو طلوعِ آفتاب سے پہلے ایک نادر اور منفرد منظر میں چاند اور سیارہ مشتری کا انتہائی قریبی ملاپ ہوگا جن کے درمیان صرف 10 آرک سیکنڈز کا فاصلہ ہوگا۔ چاند طلوعِ آفتاب سے 90 منٹ پہلے مشرق میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا اور اس کے تاریک حصے پر زمین کی روشنی بھی نظر آئے گی۔

10. قریب ترین سپر مون

سال 2026 میں تین سپر مونز ہوں گے۔ یہ تین جنوری، 24 نومبر اور 23 دسمبر کو ہوں گے۔ لیکن ان میں سے ایک بہت خاص ہے۔ 23 دسمبر کا پورا چاند 2019 کے بعد زمین کے قریب ترین ہوگا۔ زمین سے صرف 356,740 کلومیٹر دور ہونے کی وجہ سے یہ گزشتہ تقریباً آٹھ سالوں کا سب سے بڑا اور روشن ترین چاند بن جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں