اومیگا تھری اور پروٹین سے بھرپور پانچ ڈبہ بند مچھلیاں بہترین صحت بخش انتخاب
سردین، سالمن، میکریل، ٹونا اور اینچوی سرخ گوشت کا صحت بخش متبادل ثابت ہو سکتی ہیں
ڈبہ بند مچھلی ان غذائی انتخاب میں شامل ہے جن کی قدر و قیمت کو اکثر کم سمجھا جاتا ہے حالانکہ یہ آسانی، کم قیمت اور اعلیٰ صحت بخش فوائد کا مجموعہ ہیں۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں زندگی کی رفتار تیز ہو رہی ہے بہت سے لوگ ایسے تیار شدہ غذا کے ذرائع تلاش کرتے ہیں جو معیار یا غذائی قیمت پر سمجھوتہ نہ کریں۔ یہی وجہ ہے ڈبہ بند مچھلی ایک عملی حل ہے جو دل اور دماغ کی صحت کے لیے ضروری اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کا پروٹین اور وہ بنیادی وٹامنز اور معدنیات فراہم کرتی ہے جن کی جسم کو روزانہ ضرورت ہوتی ہے۔
صحت کے بارے میں بڑھتی ہوئی آگاہی اور سرخ و پراسیس شدہ گوشت کے بہتر متبادل کی تلاش کے ساتھ ڈبہ بند مچھلی ایک ہی وقت میں ایک ذہین اور غذائیت سے بھرپور انتخاب کے طور پر دوبارہ سامنے آ رہی ہے۔ سردین، سالمن، میکریل، ٹونا اور اینچوی جیسی اقسام نہ صرف اپنی اعلیٰ غذائی قیمت کی وجہ سے ممتاز ہیں بلکہ یہ ذخیرہ کرنے میں آسانی، طویل میعاد اور استعمال کے متنوع طریقوں کی وجہ سے بھی معروف ہیں۔ یہاں ہم صحت کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ڈبہ بند مچھلیوں کی اقسام پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ ویب سائٹ ’’ ویری ویل ہیلتھ ‘‘کے مطابق یہ اشیا آپ کے دسترخوان پر مستقل جگہ کی مستحق ہیں۔
وزن کم کرنے میں مددگار بہترین ترکیبیں
ڈبہ بند مچھلی اومیگا تھری، پروٹین، وٹامن D اور B12 کو کم قیمت اور آسان دستیابی کے ساتھ یکجا کرتی ہے۔
1. سردین
یہ سائز میں چھوٹی ہو سکتی ہے لیکن غذائی قدر کے لحاظ سے بہت بڑی ہے۔
غذائی فوائد (فی 100 گرام):
پروٹین: 24.6 گرام – اعلیٰ معیار کا مکمل پروٹین
اومیگا-3 (EPA + DHA): تقریباً 982 ملی گرام
وٹامن D: 193 انٹرنیشنل یونٹ – روزانہ کی ضرورت کا 24 فیصد
کیلشیم: 382 ملی گرام – 30 فیصد (خاص طور پر ہڈیوں کے ساتھ کھانے پر)
آئرن: 2.92 ملی گرام – 16 فیصد
پوٹاشیم: 397 ملی گرام – 8 فیصد
پارہ: بڑی مچھلیوں کے مقابلے میں قدرتی طور پر کم
یہ کیوں اہم ہے؟
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردین اومیگا تھری فیٹی ایسڈز (EPA اور DHA) سے بھرپور ڈبہ بند مچھلیوں میں سے ایک ہے جو سوزش کو کم کرتی ہے اور دل و دماغ کی صحت کو سہارا دیتی ہے۔ یہ وٹامن D3 کے چند قدرتی ذرائع میں سے ایک ہے اور جسم کو ہڈیوں اور اعصاب کی صحت کے لیے ضروری کیلشیم فراہم کرتی ہے۔
2. سالمن
ڈبہ بند سالمن تیاری کی زحمت کے بغیر تازہ مچھلی کے قریب ترین فوائد فراہم کرتی ہے۔
غذائی فوائد (فی 100 گرام):
پروٹین: 20.6 گرام
اومیگا تھری: تقریباً 1,227 ملی گرام
وٹامن D: تقریباً 172 انٹرنیشنل یونٹ – 22 فیصد
کیلشیم: 198 ملی گرام – 15 فیصد
سیلینیم: 30.1 مائیکرو گرام – 55 فیصد
وٹامن B12: تقریباً 0.4 مائیکرو گرام – 17 فیصد
یہ کیوں اہم ہے؟
سالمن جیسی چربی والی ڈبہ بند مچھلیاں وٹامن D3 کے ان چند ذرائع میں سے ہیں جو قوتِ مدافعت، ہڈیوں کی صحت اور ہارمونز کی ترتیب کو سہارا دیتے ہیں۔ یہ وٹامن اسے ان لوگوں کے لیے ایک مثالی انتخاب بناتا ہے جو سورج کی روشنی سے کم مستفید ہو پاتے ہیں۔
3. ٹونا
پروٹین سے بھرپور ہے لیکن اسے اعتدال میں کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
غذائی فوائد (فی 100 گرام):
پروٹین: 29.1 گرام
ویتامین D: تقریباً 269 انٹرنیشنل یونٹ – 34 فیصد
کاربوہائیڈریٹ: 0 گرام
کل چربی: 8.21 گرام
یہ کیوں اہم ہے؟
ٹونا ان مچھلیوں میں سے ہے جن میں سب سے زیادہ پروٹین پایا جاتا ہے جو پٹھے بنانے اور پیٹ بھرے ہونے کا احساس دلانے میں مدد دیتی ہے۔ لیکن اس کی بعض اقسام میں پارے کی مقدار زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس لیے کم پارے والی اقسام جیسے "لائٹ ٹونا" یا "سکپ جیک" کا انتخاب بہتر ہے۔
4. میکریل
ڈبہ بند مچھلیوں کی دنیا میں ایک کم مشہور غذائی جوہر۔
غذائی فوائد (فی 100 گرام):
پروٹین: 23.2 گرام
اومیگا-3: تقریباً 1,230 ملی گرام
وٹامن D: تقریباً 292 انٹرنیشنل یونٹ – 36 فیصد
وٹامن B12: تقریباً 6.94 مائیکرو گرام – 289 فیصد
یہ کیوں اہم ہے؟
یہ سالمن اور سردین کی طرح دل کی صحت کے لیے بڑے فوائد فراہم کرتی ہے اور یہ وٹامن B12 کا ایک بہترین ذریعہ ہے جو اعصاب کی صحت اور خون کے سرخ خلیات کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔ اس میں پارے کی سطح نسبتاً کم ہوتی ہے۔
5. اینچوی
اس کے چھوٹے سائز کو دیکھ کر دھوکہ میں نہ آئیے۔ یہ غذائی اجزاء سے بھرپور ہے۔
غذائی فوائد (فی 20 گرام – تقریباً 5 عدد):
پروٹین: 5.78 گرام
اومیگا-3: 411 ملی گرام
سوڈیم: 734 ملی گرام – 32 فیصد
کیلشیم: 46.4 ملی گرام
آئرن: 0.93 ملی گرام
یہ کیوں اہم ہے؟
اینچوی ان پراسیس شدہ گوشت کا صحت بخش متبادل ہے جو دل کی بیماریوں اور کینسر سے منسلک ہیں۔ اس میں سوڈیم کی زیادہ مقدار کے باوجود اس کا اعتدال پسند استعمال ایک مضبوط ذائقہ اور اعلیٰ غذائی قیمت فراہم کرتا ہے۔ خاص طور پر پروٹین، اومیگا-3 اور کیلشیم کے لحاظ سے یہ اہم غذا ہے۔
ڈبہ بند مچھلی ایک عملی اور صحت بخش انتخاب ہے جو اعلیٰ غذائی قیمت اور مناسب قیمت کو یکجا کرتی ہے اور یہ ایک متوازن غذا کا بنیادی حصہ بن سکتی ہے جو دل، دماغ اور ہڈیوں کی صحت کو سہارا دیتی ہے۔