مکہ : ہندوستان کا نادر 8 رخی قرآن مجید قرآن میوزیم کی زینت بن گیا
مکہ مکرمہ میں واقع "میوزیم آف قرآن کریم" (متحف القرآن الكريم) اسلامی ورثے کا ایک نادر نمونہ نمائش کے لیے پیش کر رہا ہے۔ یہ آٹھ زاویوں والا قرآن مجید ہے جس کا تعلق تیرہویں صدی ہجری (انیسویں صدی عیسوی) سے ہے۔ یہ مصحف شریف کے ڈیزائن میں فنی خوب صورتی اور جدت کا ایک حسین امتزاج ہے۔
یہ مصحف اپنے غیر روایتی آٹھ رخی ڈیزائن کے ساتھ ساتھ اپنے چھوٹے حجم کی وجہ سے بھی منفرد ہے جسے آسانی سے ساتھ رکھا جا سکتا ہے۔ یہ ڈیزائن اس کے تیار کرنے والوں کی عملی سہولت اور جمالیاتی پہلوؤں پر گہری توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ مصحف برصغیر پاک و ہند میں تحریر کیا گیا جو اس دور میں اسلامی آرائش اور جلد سازی کے فنون میں ہونے والی ترقی کا مظہر ہے۔ یہ قرآن مجید کی کتابت کے مختلف مکاتب فکر کے تنوع اور مختلف ادوار میں قرآنی متن کی اشاعت و طباعت میں پائی جانے والی درستی اور تخلیقی مہارت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
اس مصحف کی نمائش شاہ فیصل سینٹر برائے ریسرچ اینڈ اسلامک اسٹڈیز کے نوادرات کے حصے کے طور پر کی جا رہی ہے۔ یہ ادارہ اسلامی مخطوطات کی حفاظت، انہیں محفوظ بنانے اور محققین و دل چسپی رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، تاکہ ان کی تہذیبی قدر و قیمت کے بارے میں شعور بیدار کیا جا سکے۔
یہ نادر نمونہ میوزیم کے اس مشن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد زائرین کو ایک مکمل علمی تجربہ فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے قرآن مجید کی کتابت کی تاریخ اور اس سے وابستہ فنون کے ارتقا کا تعارف پیش کیا جاتا ہے۔ یہ سب کچھ 'حراء ثقافتی مرکز' (Hira Cultural District) کے بڑھتے ہوئے ثقافتی ڈھانچے کا حصہ ہے، جو مکہ مکرمہ کے اسلامی ثقافت کے عالمی مرکز کے طور پر مقام کو مزید مستحکم کرتا ہے۔