منیٰ میں دو منزلہ خیموں کا نیا منصوبہ، حجاج کے لیے جدید رہائشی سہولت
20 ہزار مربع میٹر پر پھیلے 40 سے زائد عمارتوں میں 8 ہزار سے زائد حجاج کی گنجائش، آرام دہ اور پائیدار قیام کی فراہمی
مقدس مقامات کی ترقی و تعمیر سے وابستہ کمپنی "کدانہ" نے منیٰ میں حجاج کرام کی رہائش کے لیے دو منزلہ خیموں پر مشتمل ایک منفرد منصوبہ متعارف کرایا ہے۔ یہ منصوبہ رہائشی خدمات میں ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے، جو ضیوف الرحمن کو پرسکون، محفوظ اور معیاری ماحول فراہم کرنے کی غرض سے تیار کیا گیا ہے۔
"کدانہ" کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ نجی شعبے کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے، جو مجموعی منصوبے کا 75 فیصد حصہ ہے۔ یہ جدید رہائشی خیمے 20 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم کیے گئے ہیں، جن میں 40 سے زیادہ عمارتیں شامل ہیں۔ ان میں 550 سے زائد جدید طرز کے باتھ رومز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
منصوبے کی تکمیل میں تقریباً 100 دن صرف ہوئے اور اس کا مقصد سعودی عرب اور بیرون ملک سے آنے والے 8 ہزار کے لگ بھگ حجاج کو رہائش فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف حجاج کی سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ مشعر منیٰ کی رہائشی گنجائش میں بھی نمایاں وسعت آئے گی۔
یہ خیمے نہ صرف جدید طرز تعمیر کے حامل ہیں بلکہ پائیداری اور ماحول سے ہم آہنگی کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا کہ اس منصوبے سے رہائشی خدمات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور ضیوفِ رحمن کو اطمینان بخش ماحول میسر آئے گا، جبکہ منیٰ کے روایتی تشخص کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔