.

رمضان میں پانچ ہزار خدام مسجد نبوی کے زائرین کی خدمت پر مامور

ماہ مقدس میں صفائی کا اعلی معیار برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے شہر مدینہ المنورة میں مسجد نبوی میں رمضان المبارک کے دوران دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے پانچ ہزار مرد و خواتین خدام تعینات کیے جا رہے ہیں. ان خدام کا کام مسجد نبوی کے صحن، چھت اور اس کے فرش سمیت شمالی اور مغربی حصوں 10 ہزار سے زائد قالینوں کی صفائی کو اعلی ترین سطح تک پہنچانا ہے۔

معاصر عزیز روزنامہ ’’الریاض‘‘ کے مطابق مسجد نبوی کے امور کی دیکھ بھال کرنے والی صدارتی ایجنسی ہر روز 300 ٹن زم زم پانی مسجد میں لائے گی تاکہ زم زم کے ٹھنڈے پانی کے 13000 کولرز مسجد نبوی کے اندر اور چھت پر رکھے جائیں ۔ ٹھنڈے پانی کے 30 ٹینک اور ڈسپوزیبل گلاس مسجد کے صحن میں رکھے جائیں گے۔

خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے شروع کیے گئے پراجیکٹ کے تحت مسجد نبوی میں نمازیوں اور روزہ داروں کو سایہ فراہم کرنے اور انہیں بارش سے بچانے کے لیے 250 چھتریاں لگائی گئی ہیں۔ اسی طرح روضہ اقدس کی زیارت کے لیے آنے والوں کو مسجد کے صحن میں ٹھنڈی ہوا دینے کے لیے 436 پنکھے بھی لگائے جائیں گے۔

اس سال محبوب خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے روضے پر آنے والوں کے لیے سعودی انتظامیہ نے رہنمائی اور معلومات کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں. مسجد کے تمام کونوں اور روزانہ کے درس کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جہاں پر زائرین کو روضہ مبارک کے آداب اور یہاں پر عبادات کی ادائیگی کا طریقہ بتانے کے ساتھ ساتھ ان کے شرعی مسائل کے جوابات بھی دیے جائیں گے۔ حرم نبوی میں متعدد مقامات پر مختلف اوقات میں یہ دروس جاری رہینگے۔

مسجد نبوی اور اس کے فرش کے قالینوں کی خصوصی صفائی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ حرم شریف کے فرشوں اور قالینوں کو زائرین کے رکھے گئے جوتوں کے گرد سے بچانے کے لیے ایلومینیم کے تین ہزار صندوق مسجد میں رکھے جائیں گے جن میں زائرین اپنے جوتے رکھ سکیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران اعتکاف میں بیٹھنے والے سعادت مندوں کے سامان کو محفوظ کرنے کے لیے بھی ایک ہزار باکسز بنائے جا رہے ہیں۔ مسجد کے داخلی راستوں پر لکڑی کی الماریاں الگ ہونگی۔