.

روضہ رسول پرحاضری کے آداب سکھانے کے لیے علماء کی خدمات

زائرین کو بدعات سے اجتناب اورمسنون اعمال کی تلقین

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پرسیکیورٹی اور مقام مقدس کی صفائی پر مامور رضاکاروں کے ساتھ ساتھ محکمہ امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے علماء کی بڑی تعداد بھی زائرین کی دینی رہ نمائی میں ہمہ تن مصروف ہے۔ علماء کی بنیادی ذمہ داری دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو روضہ رسول پرحاضری کے وقت غیراسلامی رسومات اور بدعات سے باز رہنے کی تلقین اور حبیب خدا کے ہاں حاضری کے شرعی قرینوں سے آگاہ کرنا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر زائرین کی خدمت اور رہ نمائی پر مامورعالم دین الشیخ عبداللہ الحربی نے بتایا کہ روضہ رسول پر آنے والے طرح طرح کی غیراسلامی رسومات اور بدعات میں مبتلا ہو غیرمسنون اعمال کی طرف راغب ہوتے ہیں، لیکن یہاں پر متعین علماء انہیں حقیقی اسلامی تعلیمات کے مطابق روضہ رسول پر حاضری کے آداب اور قرینوں سے آگاہ کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں الشیخ الحربی کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی پرڈیوٹی باعث سعادت خدمت ہے اور یہ کم ہی لوگوں کو نصیب ہوتی ہے۔ وہ مسجد نبوی میں گذرے لمحات کو اپنی زندگی کا قیمتی وقت سمجھتے ہیں۔

بار بار روضہ رسول کی زیارت کا شرف حاصل کرنے والے عقیدت مند وہاں پر رہ نمائی کے لیے مامورعلماء سے نہ صرف واقف ہوجاتے ہیں بلکہ ان سے ملاقات کو بھی اپنے لیے باعث فخرسمجھتے ہیں، لیکن علماء خود کو گوشہ گمنامی میں رکھنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ اس کے باوجود سالانہ لاکھوں زائرین ان علماء کی شہرت کا بھی باعث بنتے ہیں۔