شہزادہ سلمان سے برطانوی وزیر دفاع کی ملاقات
عراق سمیت خطے کی تازہ صورت حال اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
برطانوی وزیردفاع فلپ حامونڈ نے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے اور ان سے خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کی اطلاع کے مطابق دونوں وزرائے دفاع نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات اور طریقوں پر بات چیت کی ہے۔مسٹر حامونڈ عراق میں جاری سکیورٹی کی ابتر صورت حال کے تناظر میں خطے کے دورے پر ہیں۔وہ جدہ کے بعد متحدہ عرب امارات ،قطر اور کویت جائیں گے۔وہ ان ممالک کے عہدے داروں سے عراق میں جاری بحران کے سیاسی حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
برطانوی وزیردفاع نے اس دورے سے قبل جنگجو تنظیم دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کی عراقی فوج کے مقابلے میں شمالی عراق میں پیش قدمی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا عراق میں فوجی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ ہم طویل المیعاد سیاسی حل تلاش کرنے کاعزم رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا:''ہم خلیج کی سکیورٹی کے لیے بھی پُرعزم ہیں اور خطے میں اپنے دوست اور اتحادی ممالک کو یہ یقین دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ ہم ایک جمہوری اور مستحکم عراقی ریاست کے لیے کام کرنے والوں کو ہر ممکن مدد مہیا کریں گے''۔