حوثی باغیوں کا یمنی میجر جنرل کے گھر پر قبضہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی شیعہ باغیوں نے فوج کی ایلیٹ فرسٹ آرمرڈ ڈویژن کے سربراہ میجر جنرل علی محسن الاحمر کے مکان پر قبضہ کر لیا ہے۔

العربیہ کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ جنرل احمر کی قیام گاہ کو دھماکے سے اڑانے کی تیاری کررہے ہیں۔حوثی باغیوں نے ملک میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے صدر عبدربہ منصور ہادی کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دستخط کے بعد جنرل احمر کی قیام گاہ پر قبضہ کیا ہے۔

اس سمجھوتے کے تحت موجودہ حکومت مستعفی ہوجائے گی اور اس کی جگہ نئی حکومت قائم کی جائے گی۔اس میں حوثیوں کے سیاسی مشیر مقرر کیے جائیں گے۔اس سمجھوتے پر فریقین نے اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی نمائندے جمال بن عمر کی موجودگی میں دستخط کیے تھے۔

حوثیوں نے اتوار کے روز صنعا میں حکومت کے ہیڈکوارٹرز سمیت تزویراتی اہمیت کی حامل اہم چوکیوں پر قبضہ کر لیا تھا۔تاہم انھوں نے مفاہمتی سمجھوتے پر دستخط کے تھوڑی بعد سرکاری کمپلیکس کا کنٹرول ملٹری پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

یمنی حکام کے مطابق گذشتہ روز تشدد کے واقعات میں ایک سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ان میں زیادہ تر صنعا کے شمالی حصے میں جھڑپوں میں مارے گئے تھے۔ تشدد کے ان واقعات کے بعد یمنی وزیراعظم محمد سالم باسندوہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں