.

مصری صدر کی سعودی عرب آمد، شاہ سلمان سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصرکے صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی آج ہفتے کو سعودی عرب کے خصوصی دورے پر ریاض پہنچے ہیں جہاں اُنہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے عوجا شاہی محل میں ملاقات کی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ملاقات کے دوران مصری صدر نے شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز کو ولی عہد مقرر کرنے اور شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو ولی عہد دوم، نائب وزیراعظم دوم اور وزیردفاع کے عہدوں پر تعینات کرنے کے فیصلے کو سراہا اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ان اہم حکومتی تبدیلیوں پرمبارک باد پیش کی۔

عوجا شاہی محل میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ہوئی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور عالمی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیا کیا گیا۔

خیال رہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی ہفتے کو سعودی عرب کے خصوصی دورے پر ریاض پہنچے تھے جہاں ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف، نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شاہی دیوان کے ڈپٹی چیئرمین خالد بن صالح العباد اور سعودی عرب میں متعین مصری سفیر عفیفی عبدالوھاب نے ان کا استقبال کیا۔