ہم دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے : فرانسو اولاند
فرانس میں ہنگامی حالت کے نفاذ میں تین ماہ کی توسیع کے لیے بل پیش کرنے کا اعلان
فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے پارلیمان کے غیرمعمولی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ملک دہشت گردی کا خاتمہ کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ پارلیمان اسی ہفتے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ میں مزید تین ماہ کی توسیع سے متعلق بل پرغور کرے گی۔انھوں نے ارکانِ پارلیمان سے کہا ہے کہ وہ اس ہفتے کے آخر تک بل کی منظوری دے دیں۔
انھوں نے فرانسیسی آئین میں ترامیم کی ضرورت پر زوردیا ہے تاکہ حکام جنگ کی سطح کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائی کرسکیں۔فرانسو اولاند نے پولیس اور قانونی نظام میں ساڑھے آٹھ ہزار نئی ملازمتوں کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ 2019ء تک فوج میں ملازمتوں میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے اپنی تقریر میں سکیورٹی فورسز اور آرمی کے بجٹ میں اضافے کا وعدہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ''میں موجودہ حالات میں سکیورٹی پیکٹ کو استحکام پیکٹ پر برتری حاصل ہے''۔ وہ یورو زون کی بجٹ تحدیدات کا حوالہ دے رہے تھے۔
انھوں نے پیرس میں جمعہ کی شب چھے مختلف مقامات پر دہشت گردی کے حملوں کے حوالے سے کہا کہ ان کا شام میں فیصلہ کیا گیا تھا،بیلجیئم میں ان کی تیاری کی گئی اور فرانسیسی مدد سے اس کو پایہ تکمیل کو پہنچایا گیا ہے۔
فرانسواولاند نے داعش کے خلاف جنگ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر امریکی صدر براک اوباما اور روسی صدر ولادی میر پوتین سے ملاقات کریں گے۔