سعودی پریس ایجنسی 10 زبانوں میں خبریں جاری کرے گی
#سعودی_عرب کے وزیر اطلاعات وثقافت نے کہا ہے کہ مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’واس‘‘ کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔رواں سال کے اختتام تک ’’واس‘‘ 10 عالمی زبانوں میں خبریں جاری کرے گی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر #عادل_الطریفی نے ان خیالات کا اظہار ’’واس‘‘ کے دو نئے آن لائن پورٹل کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ’’واس‘‘ کا دائرہ دوسری زبانوں میں بتدریج بڑھا رہی ہے۔ رواں سال کے اختتام تک ’’واس‘‘ 10 عالمی زبانوں میں اپنی نشریات پیش کرے گی۔ ڈاکٹر الطریفی کا کہنا تھا کہ سرکاری نیوز ایجنسی کو عالمی زبانوں تک وسعت دینے کا فیصلہ کوئی نیا قدم نہیں بلکہ ادارے کے بارے میں اپنائی گئی پالیسی کا تسلسل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ’’واس‘‘ چینی، روسی اور فارسی زبانوں میں بھی اپنی سروسزمہیا کررہی ہے رواں سال کے اختتام تک ’’واس‘‘ کے پلیٹ فارم سے 10عالمی زبانوں میں نشریات پیش کی جائیں گی۔