.

برسلز میں بم دھماکوں کے بعد یورپ بھر میں سکیورٹی سخت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں منگل کی صبح تباہ کن بم دھماکوں کے بعد ڈنمارک ،سویڈن اور فن لینڈ میں ہوائی اڈوں پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ فرانس نے اپنے ٹرانسپورٹ سسٹم کو محفوظ بنانے کے لیے مزید سولہ سو پولیس اہلکار تعینات کردیے ہیں۔

برسلز میں ہوائی اڈے اور یورپی یونین کے اداروں کے نزدیک واقع ایک میٹرو اسٹیشن پر بم دھماکے ہوئے ہیں۔ان میں چونتیس افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔ان بم دھماکوں کے بعد بیلجیئم کے وزیر داخلہ نے ملک میں دہشت گردی کے خطرے کی سطح تین سے بڑھا کر چار کردی ہے۔برسلز میں تمام ٹرانسپورٹ نظام بند کردیا گیا ہے جس سے شہر میں کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

ڈینش پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے کوپن ہیگن کے ہوائی اڈے اور دوسرے اہم مقامات پر اپنی نفری بڑھا دی ہے۔ کوپن ہیگن میں گذشتہ سال فروری میں ایک تقریب میں فائرنگ اور ایک یہودی صومعے پر مسلح افراد کے حملے کے بعد سے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ان دونوں واقعات میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

فرانسیسی وزیر داخلہ برنارڈ کازینوف نے کہا ہے کہ برسلز میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد سرحدوں پر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور سرحدی علاقوں اور پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم پر مزید سولہ سو پولیس افسروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے صدر فرانسو اولاند کے ساتھ ہنگامی ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ دارالحکومت پیرس میں سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے چارسو اضافی پولیس افسر تعینات کیے گئے ہیں۔ان کے علاوہ عوامی ٹرانسپورٹ کی جگہوں پر فوجی دستے گشت کریں گے۔

برطانیہ میں بھی ٹرانسپورٹ نظام کی سکیورٹی سخت اور شہروں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔برطانیہ کے انسداد دہشت گردی کے ایک سینیر پولیس افسر مارک رولے نے کہا ہے کہ یہ اقدام حفظ ماتقدم کے طور پر کیا جارہا ہے اور کسی ممکنہ حملے کے بارے میں فوری طور پر کوئی خفیہ اطلاع نہیں ہے۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''لندن میں خاص طور پر میٹرو پولیٹن پولیس سروس نے اضافی پولیس افسر تعینات کردیے ہیں۔وہ ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے علاوہ دارالحکومت بھر میں گشت کریں گے''۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بیلجیئم حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور صورت حال کی نگرانی جاری رکھیں گے۔

یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ تسک اور دوسرے یورپی رہ نماؤں نے برسلز کے ہوائی اڈے اور ایک میٹرو اسٹیشن پر بم دھماکوں کی مذمت کی ہے۔