.

پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے میئرمنتخب!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ کی لیبر پارٹی نے جمعہ کی شام ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ لندن کے میئر کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخابات میں اس کے نامزد امیدوار پاکستانی نژاد صادق خان کامیاب ہو گئے ہیں۔ وہ پہلے مسلمان اور پاکستانی ہیں جو برطانیہ کے دارالحکومت میں اس اہم ترین عہدے تک پہنچے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق لیبر پارٹی کے صدر جیریمی کوربن نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹویٹر‘ پراپنی ایک ٹویٹ میں نو منتخب میئر صادق خان کو کامیابی پرمبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم لندن کو سب کے لیے منصفانہ شہر بنانے کی خاطر آپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ جمعرات کے روز ہونے والے لندن میئر کے انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان آج کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ قبل ازیں یہ اطلاعات آئی تھیں کہ شہر کی چودہ کونسلوں کے نتائج سامنے آنے کے بعد صادق خان کنزرویٹو پارٹی کے زیک گولڈ سمتھ پر سبقت حاصل ہے لیکن وہ مجموعی ووٹوں کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر پائے اور اب ووٹوں میں دوسری ترجیح کی گنتی جاری ہے۔

لندن کے میئر کے لیے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شہر میں بنائے گئے تین خصوصی مراکز میں جمعہ کی صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے شروع ہوئی۔

مئیر کے لیے میدان میں کل 12 امیدوار تھے جن میں سے اصل مقابلہ لیبر پارٹی کے صادق خان اور کنزرویٹو پارٹی کے زیک گولڈ سمتھ کے درمیان رہا۔

لیبر جماعت لندن اسمبلی کی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے اور اس نے گیارہ کونسلوں میں سے نو میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پول کیے جانے والے کل ووٹوں میں سے 43 فیصد لیبر پارٹی کو حاصل ہوئے جب کہ کنزرویٹو پارٹی کے حصہ میں 31 فیصد ووٹ آئے اور ’گرین پارٹی‘ تیسرے نمبر پر رہی۔

کامیابی کے بعد پاکستانی بس ڈرائیور کے صاحبزادے صادق خان کنزرویٹیو بوریس جونسن کی جگہ لیں گے۔ جونسن برطانیہ کے یورپی یونین سے علاحدگی کے حامی رہے ہیں۔ انہوں نے وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں بھی شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

لندن کے نو منتخب میئرصادق خان کو شہرمیں آبادی کے تناسب کے مطابق شہریوں کورہائش، صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے چیلنجز درپیش ہوں گے۔ انہوں نے ان تمام چیلنجز سے نمٹںے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ صادق خان اکتوبر سنہ 1970ء کو پاکستان میں پیدا ہوئے۔ان کے والد پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور تھے جو لندن میں بھی بس چلاتے رہے ہیں۔ صادق خان نے اپنے دیگر چھ بہن بھائیوں کے ساتھ لندن جی توتینگ کالونی میں پرورش پائی۔ خان کی اپنی دو بیٹیاں ہیں۔

صادق خان کے انتخاب پر لندن کے جڑواں شہروں کے میئرزکی جانب سے بھی مثبت رد عمل سامنے آیا ہے۔ پیرس کی خاتون میئر آن ہیڈالگو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر صادق خان کو لندن کا میئر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔