.

ملکہ الزبتھ نے مستقبل کے برطانوی بادشاہ کو "ڈانٹ" پلا دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گزشتہ ہفتے کے روز ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا پوتا شہزادہ ولیم "پروٹوکول کی ایسی خلاف ورزی" کر بیٹھا جس پر اُس کی دادی طیش میں آگئیں۔ ملکہ کی عمر کے 90 سال پورے ہونے کے سلسلے میں ملکہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد "بکنگھم" پیلس کی بالکونی میں کھڑے ہو کر فضائی پریڈ کو دیکھ رہے تھے۔

سال گرہ کے حوالے سے تقریب میں ہزاروں برطانوی شہری بھی شریک تھے۔ اس موقع پر 1400 فوجی ، 200 گھوڑے اور 400 سے زیادہ دُھن بجانے والے افراد بھی موجود تھے۔ فضا میں رائل ایئرفورس کے طیاروں کی جانب سے ملکہ کو سلامی پیش کی جا رہی تھی۔

اس دوران شہزادہ ولیم اچانک اپنے ننھے بیٹے شہزادہ جارج سے بات چیت کے لیے نیچے جھک کر بیٹھ گیا اور لندن کی فضاؤں میں گشت کرتے طیاروں کے بارے میں گفتگو کرنے لگا۔ مستقبل کا بادشاہ اُس وقت یہ بھول گیا کہ تقریب میں شریک ہزاروں افراد اُس کو دیکھ رہے ہیں۔

ملکہ الزبتھ نے اپنے پوتے کی جانب سے پروٹوکول اور عوام کو نظر انداز کرتے ہوئے دیکھا تو وہ برداشت نہ کرسکین اور ولیم کے کاندھے پر ناگواری سے ہاتھ مار کر اسے کھڑے ہونے کا اشارہ کیا۔ یہ تمام منظر واضح طور پر اس وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے جو جمعے کے روز منظرعام پر آئی ہے۔ بہرکیف شہزادہ چارلس کے بعد تخت برطانیہ کے وارث فوری طور پر متنبہ ہوگیا اور دوبارہ سے اپنی جگہ پر سیدھا کھڑا ہوگیا۔