ٹرمپ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ جنوبی علاقوں سے انخلا کرے:عون
لبنانی ایوانِ صدر نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے عون کو یقین دہانی کرائی ہے کہ واشنگٹن لبنان کی معیشت اور قانونی سکیورٹی فورسز کی حمایت کرے گا۔
لبنانی صدر جوزف عون نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ جنوبی لبنان کے ان علاقوں سے انخلا کرے جہاں وہ اب بھی قابض ہے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں زور دیا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے شدہ فریم ورک معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔
لبنانی ایوانِ صدر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے لبنانی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ واشنگٹن لبنان کی خودمختاری اور اس کی سرزمین کی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے لبنان کی معیشت اور قانونی سکیورٹی فورسز کی بھی حمایت کا وعدہ کیا ہے۔
ایوانِ صدر کے مطابق صدر عون کو ہفتے کی رات ٹرمپ کا فون موصول ہوا، جس میں انہیں لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکی سرپرستی میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے پر مبارکباد دی گئی۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ لبنان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ایسے اقدامات کی حمایت کرے گا جو اس معاہدے کے نفاذ اور لبنان میں امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنائیں۔
ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ لبنانی عوام کے لیے خیر اور ترقی کا خواہاں ہے اور لبنان کی خودمختاری، آزادی اور اس کی سرزمین کی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان میں ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے ذریعے مکمل رِٹ قائم کرنے، ملک کے استحکام کو لاحق کسی بھی خطرے کو روکنے اور صدرِ جمہوریہ کے مؤقف اور حکومت کے فیصلوں کی حمایت میں امریکہ بھرپور کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ لبنان کی معیشت اور قانونی سکیورٹی فورسز کی مدد میں بھی حصہ ڈالے گا، تاکہ لبنان دوبارہ اپنے خطے اور دنیا میں اپنا نمایاں کردار حاصل کر سکے۔
صدرِ لبنان جوزف عون نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لبنان، اس کی قانونی حکومت، آئینی اداروں اور سکیورٹی اداروں خصوصاً فوج کی حمایت کا موقف اختیار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنانی ریاست فریم ورک معاہدے پر عملدرآمد کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اس معاہدے کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور طے شدہ تمام امور کی پابندی یقینی بنانے میں کردار ادا کرے گا، خصوصاً اسرائیل پر دباؤ ڈال کر اسے جنوبی لبنان کے ان علاقوں سے انخلا پر مجبور کرے گا، جن پر وہ قابض ہے، تاکہ لبنانی فوج بین الاقوامی سرحدوں تک اپنی مکمل تعیناتی کر سکے۔
بیان کے مطابق گفتگو کے اختتام پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جلد ہی واشنگٹن میں لبنانی صدر سے ملاقات کریں گے۔