بھارتی شہری کا دلہن کی "تصویر" کے ساتھ ہنی مون !
بھارتی شہری فیضان پاٹل اپنی دُلہن ثنا کی تصویر کے ساتھ ہی ہنی مون کے سفر پر روانہ ہو گیا۔ فیضان کی بیوی ہنی مون کے سفر سے دور روز قبل پاسپورٹ کھو جانے کی وجہ سے اپنے شوہر کے ہمراہ نہیں جا سکی۔
برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کے مطابق فیضان کی دلہن نے اپنے شوہر سے اصرار کیا کہ وہ اکیلے ہی اٹلی اور یونان کے سفر پر روانہ ہو جائے۔ اس اصرار کے نتیجے میں دُلہا فیضان نے بڑی تعداد میں اپنی بیوی کی تصاویر پرنٹ کر ڈالیں تاکہ یہ تصاویر دوران سفر اُس کے ساتھ رہیں۔
فیضان نے سفر کے دوران اپنی دلہن کی "تصویر" کے ساتھ متعدد سیلفیاں بنائیں اور ان کو سوشل میڈیا پر تبصروں کے ساتھ پوسٹ کرتا رہا۔
دُلہا فیضان پاٹل نے ٹوئیٹر کے ذریعے بھارتی وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا کہ اُس کی بیوی کے لیے جلد از جلد دوسرا پاسپورٹ جاری کیا جائے تاکہ وہ ہنی مون کے سفر میں اس کے ساتھ شامل ہو سکے۔ وزیر خارجہ کے فوری طور پر حرکت میں آنے کے نتیجے میں ثناء کو نیا پاسپورٹ مل گیا جس نے فوری طور پر اپنے شوہر سے ملاقات کے لیے سفر کا آغاز بھی کر دیا۔