امریکا : منی لانڈرنگ اور منشیات کے جرائم میں "حزب الله" ملوث

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا اور فرانس میں لبنانی تنظیم "حزب الله" کی ملیشیاؤں کے دو ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ان کے تیسرے ساتھی کا تعاقب جاری ہے۔ مذکورہ تینوں افراد پر امریکا میں منی لانڈرنگ اور منشیات کی تجارت جیسے جرائم کے الزامات ہیں۔

امریکی اخبار "میامی ہیرالڈ" کے مطابق حزب اللہ کے یہ ارکان میامی کے بینکوں کے ذریعے کولمبیا میں تین بڑی کمپنیوں کے ساتھ منی لانڈرنگ اور منشیات کی تجارت میں ملوث ہیں۔

رپورٹ کے مطابق منی لانڈرنگ کا مرکزی ملزم 32 سالہ محمد احمد عمار ہے جو ریاست کولمبیا میں رہتا تھا۔ علاوہ ازیں ایک دوسرے مشتبہ شخص کو فرانس میں گرفتار کیا گیا جب کہ تیسرا ملزم ابھی تک ان افراد کی فہرست میں شامل ہے جن کا قانونی تعاقب کیا جا رہا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ عمار کولمبیا کے تاجروں کے ساتھ ایک نیٹ ورک میں شامل ہو کر ہالینڈ ، اسپین ، برطانیہ ، آسٹریلیا اور افریقا کے ذریعے کام کر رہا تھا۔

"حزب الله" کی ملیشیاؤں سے تعلق رکھنے والے بقیہ دو ملزمان کے نام حسن محسن منصور اور غسان دیاب ہیں۔ حسن منصور لبنان اور کینیڈا کی دُہری شہریت رکھتا ہے۔ وہ پیرس میں زیر حراست ہے اور جنوبی فلوریڈا میں بھی اس پر مماثل الزامات ہیں۔ غسان دیاب حزب اللہ کا ایک رہ نما ہے اور اس کو متعدد بین الاقوامی بینک کھاتوں تک رسائی حاصل ہے۔ "ميامی ہیرالڈ" اخبار کے مطابق وہ مفرور ہے اور لبنان یا نائیجیریا میں کسی ایک جگہ موجود ہے۔

یاد رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں مالیاتی کمیٹی کے ایک نمایاں رکن نے انکشاف کیا تھا کہ لبنان میں حزب اللہ کی آمدن کا 30% منشیات کی اسمگلنگ ، تیاری اور فروخت سے حاصل ہوتا ہے۔

امریکی رکن پارلیمنٹ کے مطابق ایرانی سکیورٹی اداروں کے زیرانتظام منظم گروپ ان منشیات کی فضائی ، بحری یا زمینی راستے سے منتقلی کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اور انہیں حزب اللہ کے ذمہ داران کے ایک خصوصی سکیورٹی شعبے کے حوالے کرتے ہیں تاکہ ان منشیات کو جنوبی امریکا اور مکسیکو کے راستے یورپ ، افریقا اور امریکا اسمگل کیا جا سکے۔

رواں سال جون میں امریکی اخبار "واشنگٹن ٹائمز" نے انکشاف کیا تھا کہ حزب اللہ نے کوکین کی بہت بڑی مقدار جنوبی امریکا سے یورپ منتقل کی ہے۔ اس کا مقصد اپنی کارروائیوں اور منصوبوں کے لیے مالی رقوم کا حصول تھا۔ فروری میں امریکی انسداد منشیات کی ایجنسی نے لبنانی حزب اللہ کے ارکان کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔ ان عناصر پر کولمبیا میں موجود منشیات کے بین الاقوامی کارٹل کے ساتھ کام کرنے کا الزام تھا جس کا مقصد لبنان کے راستے منشیات کی یورپ اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں