.

اومان : سلطان قابوس نے 2017ء کے میزانیے کی توثیق کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اومان کے سلطان قابوس بن سعید نے ایک فرمان کے ذریعے ریاست کے 2017ء کے سالانہ میزانیے کی توثیق کردی ہے۔

اومانی حکومت نے اتوار کے روز نئے سال کا میزانیہ جاری کیا تھا۔اس میں معمولی خسارے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر اخراجات میں کمی کے لیے سخت اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

اس سال بجٹ میں حکومت کے اخراجات کا تخمینہ گیارہ ارب ستر کروڑ ریال (تیس ارب چالیس کروڑ ڈالرز) لگایا گیا ہے جبکہ آمدن کا تخمینہ آٹھ ارب ستر کروڑ ریال لگایا گیا ہے۔اس طرح بجٹ میں کل خسارہ تین ارب ریال ہوگا۔

گذشتہ سال کے بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ گیارہ ارب نوّے کروڑ ریال جبکہ آمدن کا تخمینہ آٹھ ارب ساٹھ کروڑ ریال لگایا گیا تھا۔اس طرح کل خسارے کا تخمینہ تین ارب تیس کروڑ ریال تھا۔

لیکن گذشتہ سال کے بجٹ میں کل خسارہ اس سے کہیں زیادہ رہا ہے اور حکومت کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق 2016ء کے پہلے دس ماہ کے دوران میں کل خسارہ تخمینے سے کہیں زیادہ چار ارب آٹھ کروڑ ریال رہا تھا۔