فیفا کے صدر کی تیزی سے ورلڈ کپ کے شہروں میں سفر نے نئی بحث چھیڑ دی
انفینٹینو نے ہوسٹن میں میچ دیکھا اور آدھے گھنٹے بعد شروع ہونے والے فلاڈیلفیا کے میچ میں بھی پہنچ گئے
فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کے صدر جیانی انفینٹینو نے ورلڈ کپ میں روزانہ دو میچوں میں شرکت کر کے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ یہ سوالات پیدا ہو گئے ہیں کہ وہ ان میچوں کے مقامات کے درمیان فاصلوں کے باوجود میزبان شہروں اور ممالک کے درمیان کیسے سفر کر لیتے ہیں۔
انفینٹینو بوسٹن میں سکاٹ لینڈ بمقابلہ مراکش کے میچ میں نظر آئے، اس کے بعد انہوں نے فلاڈیلفیا میں برازیل اور ہیٹی کے میچ میں شرکت کرلی۔ یہ میچ پہلے میچ کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد شروع ہوا تھا۔
انفینٹینو 11 جون کو میکسیکو سٹی میں ازٹیکا سٹیڈیم میں میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ اس کے بعد وہ اسی دن بعد میں جنوبی کوریا اور جمہوریہ چیک کا میچ دیکھنے کے لیے گواڈالاجارا پہنچ گئے۔ دونوں میکسیکن شہروں کے درمیان فضائی سفر ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ وقت لیتا ہے۔
اگلے دن انفینٹینو نے لاس اینجلس کے سوفی سٹیڈیم میں صرف امریکہ اور پیراگوئے کا میچ دیکھنے پر اکتفا کیا جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ نظر آئے۔ لیکن ہفتے کے دن وہ دوبارہ دو میچوں میں شرکت کی طرف لوٹ آئے۔ انہوں نے سان فرانسسکو میں قطر اور سوئٹزرلینڈ کا 1-1 سے ڈرا میچ دیکھا، پھر شام کو آسٹریلیا کی ترکیہ پر جیت دیکھنے کے لیے وینکوور منتقل ہو گئے۔
جہاں تک اتوار کے دن کا تعلق ہے تو انہوں نے اسے فیفا سمٹ میں شرکت کے لیے وقف کیا جو ممبر ایسوسی ایشنز کا ایک اجلاس ہے جو میامی کے ساؤتھ بیچ میں رٹز کارلٹن ہوٹل میں منعقد ہوا۔ وہ صبح پولیس کے قافلے کے ہمراہ ایک سیاہ سپورٹس کار میں پہنچے اور دوپہر کو اسی انداز میں روانہ ہوگئے۔ پیر کے دن انفینٹینو نے بیلجیم اور مصر کا میچ دیکھنے کے لیے سیاٹل کا سفر کیا۔ اس کے بعد وہ اسی رات بعد میں ایران اور نیوزی لینڈ کا میچ دیکھنے کے لیے فضائی سفر کے ذریعے لاس اینجلس چلے گئے۔
واضح رہے میزبانی کے معاہدے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ٹیمیں چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے سفر کریں گی۔ یہ ایک ایسی سہولت ہے جو فیفا کونسل کے ارکان، سینئر مندوبین اور ایگزیکٹو مہمانوں کو بھی دی جاتی ہے۔ لیکن نجی طیاروں کا سفر سربراہان مملکت اور ممتاز بین الاقوامی شخصیات تک محدود ہے۔ میزبانی کرنے والی کمیٹیاں اس کے اخراجات برداشت کرتی ہیں جبکہ انفینٹینو کو بھی یہ سہولت حاصل ہے۔
فیفا نے اس سے قبل ایک بیان جاری کیا تھا جسے "دی ایتھلیٹک" ویب سائٹ نے شائع کیا تھا کہ جیسا کہ ہم نے مسلسل واضح کیا ہے، فیفا نے قواعد وضع کیے ہیں جو اس کے کسی بھی اہلکار کے سفر اور پروازوں کے فریم ورک کی وضاحت کرتے ہیں۔ فیفا کے صدر کاروباری امور اور ٹورنامنٹس کے فریم ورک کے اندر متعلقہ حکام کے ہمراہ باقاعدگی سے سفر کرتے ہیں اور جب بھی ممکن ہو ممبر ایسوسی ایشنز کا دورہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بعض اوقات سفر کمرشل پروازوں کے ذریعے ترتیب دیا جاتا ہے اور بعض اوقات نجی چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے۔ یہ حالات کے مطابق سب سے زیادہ موثر اور کم لاگت والے آپشن کے لحاظ سے ہوتا ہے۔ فیفا سفر کے اخراجات برداشت کرتا ہے۔ فیفا کے اندرونی ذرائع نے تنظیم کے صدر کی حیثیت سے انفینٹینو کے زیادہ سے زیادہ میچوں میں شرکت کرنے کی اہمیت کی تصدیق کی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ موجودہ ورلڈ کپ کی تین ممالک میں پھیلے ہوئے 16 شہروں میں میزبانی ہوائی سفر کو انفینٹینو کی نقل و حرکت کے لیے تیز ترین اور موثر ترین ذریعہ بناتی ہے۔ دوسری جانب فیفا کی پائیداری کے لیے ماحولیاتی حکمت عملی میں کہا گیا ہے کہ وہ یہ کوشش کرتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں بیداری بڑھانا اور متعلقہ فریقوں میں ذمہ داری کو فروغ دینا ہے۔