.

برج الخلیفہ میں آتش بازی سے سال نو کا والہانہ استقبال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے سیاحتی وتجارتی مرکز دبئی میں قائم دنیا کی بلند ترین عمارت ’برج الخلیفہ‘ میں سال 2017 کا آتش بازی کے ذریعے والہانہ استقبال کیا گیا۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق دبئی میں برج الخلیفہ کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی سال نو کے استقبال کے لیے آتش بازی کی گئی۔ آتش بازی کے مظاہرے دبئی میں قائم واٹر چینل، ساحل جمیرا اور المارینا میں بھی دیکھے گئے۔

ادھر سال نو کی آمد کے موقع پر یورپی ملکوں میں بھی نئے سال کے استقبال کے لیے آتش بازی کی گئی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

فرانس میں نئے سال کے جشن کے موقع پر امن وامان یقینی بنانے کے لیے 1 لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ ماضی کی نسبت اس بار پیرس میں نئے سال کے استقبال کے لیے آتش بازی قدرے محدود رہی۔ معروف شانزلیہ روڈ کونئے سال کے استقبال کے لیے مختلف استقبالیہ کلمات پر مبنی آوازوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ اس موقع پرچھ لاکھ افراد نے نئے سال کی تقریبات میں شرکت کی۔

فرانسیسی وزیر داخلہ برونولو رو کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے سال کے جشن پر امن وامان برقرار رکھنے کے لیے 96000 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

جرمن میں سال نو کی آمد کے موقع پر پیریسر بلاٹر گراؤنڈ کو بند کردیا گیا۔ برلن حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں نئے سال کے جشن کی تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنے کے لیے 1700 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

برلن پولیس چیف تومس نیوندورف نے ایک بیان میں بتایا کہ سال نو کے جشن کے موقع پر کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ کو روکنے کے لیے مسلح پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

بیلیجیم اور اسپین میں بھی بڑی تعداد میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ اسپین کے دارالحکومت میں 1900 اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔