آسکر تقسیم کرنے والے بھی خطا کے پتلے نکلے، جانئے کیسے!
امریکی شہر لاس اینجلس میں 89 ویں آسکر ایوارڈز کی تقسیم میں اس وقت غلط فہمی پھیل گئی جب لا لا لینڈ کی ٹیم ایوارڈ لینے کے لیے سٹیج پر پہنچ گئی کیونکہ فے ڈنوے نے غلطی سے 'مون لائٹ' کی جگہ ’لا لا لینڈ‘ کو بہترین فلم قرار دے دیا، تاہم بعد میں ان کی غلطی کی تصحیح کر دی گئی۔ فے ڈنوے اپنی تقریر کے وسط میں تھے جب اس غلطی کا پتہ چلا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈنوے کے شریک پیش کار وارن بیٹی کو غلط لفافہ تھما دیا گیا تھا جس کے اندر ’ایما سٹون، لا لا لینڈ‘ کا کارڈ پڑا ہوا تھا۔ ایما سٹون نے کہا: ’یہ آسکرز کا سب سے پاگل پن والا لمحہ ہے؟ یہ تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔‘
’مون لائٹ‘ کے ہدایت کار بیری جینکنز نے کہا کہ ان کی زندگی پچھلے 20 سے 30 منٹ میں ڈرامائی طور پر تبدیل ہوئی ہے۔