.

صدرحسن روحانی کا نائب وزیر خارجہ کے ذریعے امیر قطر کے نام خصوصی پیغام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے عرب اور افریقی امور حسین جابری انصاری نے قطر کا مختصر دورہ کیا ہے۔انھوں نے قطری حکام سے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے اور امیر قطر کے لیے صدر حسن روحانی کا ایک خصوصی پیغام پہنچایا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اتوار کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ جابری انصاری ایرانی عہدہ داروں کی جانب سے قطری عہدہ داروں کے لیے دوستانہ پیغام لے کر گئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ اسلامی دنیا کے درمیان اتحاد اور یک جہتی پر زوردیا ہے اور خطے میں امن اور سلامتی کے قیام میں مدد دی ہے۔ایرانی نائب وزیر خارجہ کا یہ دورہ قطری حکام کے ساتھ جاری مشاورت ہی کا تسلسل تھا۔

ایرانی حکومت کے قریب ایک ویب سائٹ ’’ ایران ایرا‘‘ نے قطری نیوز ایجنسی کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے کہ جابری انصاری صدر حسن روحانی کا امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل خلیفہ کے لیے ایک زبانی پیغام لے کرآئے تھے اور انھوں نے ہفتے کی شب قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی کے ساتھ ملاقات میں یہ پیغام پہنچایا تھا۔

قطری نیوز ایجنسی نے اس پیغام کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔جابری انصاری ایران کے پہلے عہدہ دار ہیں جنھوں نے دو ہفتے قبل سعودی عرب ، مصر ،متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے قطر کے ساتھ تعلقات توڑنے کے بعد دوحہ کا یہ دورہ کیا ہے۔

ایران خلیجی عرب ممالک کے قطر کے ساتھ جاری بحران کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا ہے اور اس نے انسانی ہمدردی کے نام پر قطر میں خوراک اور دوسرے امدادی سامان سے لدے مال بردار طیارے بھیجے ہیں۔اس نے قطر کی درخواست پر بھی خوراک اور دوسرا روزمرہ استعمال کا ضروری سامان بھیجا ہے اور اس طرح وہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جگہ لینے کی کوشش کررہا ہے۔ سفارتی تعلقات توڑنے سے قبل یہ دونوں ممالک قطر کو روزمرہ استعمال کی اشیاء مہیا کررہے تھے۔