سعودی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مطلوب دہشت گرد ہلاک
سعودی سکیورٹی فورسز نے مشرقی صوبے القطیف میں واقع قصبے عوامیہ میں ایک مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا ہے۔
سعودی ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا ہے کہ 28 سالہ میثم علی القدیحی کا تعلق قدیحی خاندان سے ہے اور اس کے دو اور بھائی بھی سعودی سکیورٹی فورسز کو القطیف میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مطلوب ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ ان مطلوب افراد کے خلاف گذشتہ دو عشروں کے دوران میں منشیات کی اسمگلنگ ، اغوا اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات میں مختلف مقدمات درج ہیں۔
اس کے دو بھائیوں جاسم علی القدیحی اور غازی علی القدیحی کو ماضی میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس کا ایک اور بھائی باسم علی القدیحی اس سے پہلے سعودی سکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں مارا جاچکا ہے اور ا ب میثم کو بھی ہلاک کردیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے عوامیہ کے علاقے المسورہ میں میثم کا ایک ٹھکانے میں محاصرہ کر لیا تھا اور پھر وہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا ہے۔ اس نے گذشتہ چار سال کے دوران میں سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے متعدد حملے کیے تھے۔
اس کا نام وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نو مطلوب افراد کی فہرست میں بھی شامل تھا۔یہ تمام مشتبہ افراد سعودی حکومت کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات میں مطلوب ہیں۔
میثم تین ماہ قبل انٹر نیٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں نمودار ہوا تھا اور اس نے عوامیہ کے مکینوں پر حملوں کی دھمکی دی تھی۔اس کا نام ایک اور معروف دہشت گرد محمد حسین آل عمار کے ساتھی کے طور پر بھی لیا جاتا رہا ہے۔
سعودی حکام کومطلوب نو افراد میں سے پانچ ابھی تک مفرور ہیں۔ ان کے نام یہ ہیں :محمد بن حسین علی آل عمار ، علی بن بلال سعود آل حمد ، مفید حمزہ بن علی العلوان ،ماجد بن علی عبدالرحیم الفرج اور ایمن ابراہیم حسن المختار ۔