سعودی عرب کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے وقت امام کی آمد سے قبل ایک نفسیاتی مریض خطبہ دینے کی مقررہ جگہ پر پہنچ گیا۔ یہ واقعہ صوبہ مدینہ منورہ کے شہر ینبع کی جامع مسجد الجابریہ میں پیش آیا۔
سوشل میڈیا پر واقعے ایک وڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔ اس میں نمازی اور سکیورٹی اہل کار اس نفسیاتی مریض سے بحث کررہے ہیں لیکن ان کے سمجھانے کے باوجود اس شخص نے منبر سے اترنے سے انکار کر دیا تھا تاہم سکیورٹی اہل کاروں نے نمازیوں کے ساتھ مل کر اسے زبردستی وہاں سے ہٹا دیا۔
مدینہ منورہ میں اسلامی امور کی وزارت کے سرکاری ترجمان ماجد المحمدی نے وڈیو کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے کے افراد مسجد پہنچ کر اس نفسیاتی مریض سے نمٹنے میں کامیاب رہے۔ بعد ازاں مسجد کے سرکاری خطیب نے آ کر جمعہ کا خطبہ دیا اور پھر نماز کی امامت کی۔