مصر اور سعودی عرب کی مشترکہ مشقیں "تبوک 4" اختتام پذیر

مشترکہ مشقوں میں فورسزکو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی تربیت دی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب اور مصر کی مسلح افواج پر مشتمل مشترکہ فوجی مشقیں"تبوک 4" کئی روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئیں۔ مملکت کے جنوبی ملٹری زون میں جاری رہنے والی فوجی مشقوں میں سلطنت اومان، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے مبصر کے طور پر شرکت کی۔

سعودی فوج کے ترجمان کرنل تامر الرفاعی نے بتایا کہ سعودی عرب اور مصر کی مسلح‌افواج کی تازہ مشقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر خاص توجہ مرکوز کی گئی۔ مشقوں میں‌حصہ لینے والے افسروں اور جوانوں کو آبادی میں چھپے دہشت گردوں کو تلاش کرنے، انہیں پکڑنے یا مارنے اور آبادی کو دہشت گردوں سے محفوظ کرنے اور ان کے اسلحہ اور گولہ بارود کو قبضے میں‌لینے کے مختلف طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

مشقوں کے دوران فضائی آپریشن کے تجربات بھی کیے گئے۔ دہشت گردوں کے فرضی مراکز پر حملوں، ہیلی کاپٹر کی مدد سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک رسائی، بم ناکارہ بنانے اور راستوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے بھی مشترکہ مشقیں‌ کی گئیں۔

مشقوں کے دوران فوجیوں کو ہلکے اور میکینیکل انداز میں دہشت گردوں کا تعاقب کرنے، پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تلاش کر کے انہیں نشانہ بنانے اور دہشت گردوں کے جوابی حملوں سے بچنے کے طریقوں پر تجربات کیے گئے۔

سعودی عرب اور مصر کی مسلح افواج پر مشتمل مشقوں کے اختتام پر مصر کے معاون وزیر دفاع نے سعودی عرب اور مصر کے باہمی دفاعی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں‌ نے کہا کہ دونوں ملکوں کو دہشت گردی کے یکساں خطرے کا سامنا ہے اور دونوں مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "تبوک 4" فوجی مشقیں دونوں ملکوں کی مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کارکردگی بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔

دوسری جانب مشقوں کی اختتامی تقریب کے موقع پر سعودی عرب کی بری فوج کے ڈپٹی چیف میجر جنرل احمد عبداللہ المقرن خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی جانب سے مشقوں میں شامل افواج کے لیے خصوصی پیغام پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان سعودیہ اور مصر کی مسلح‌ افواج کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ سعودی قیادت مسلح افواج کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں