.

ایتھوپیا طیارہ حادثہ : ہلاک ہونے والوں میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے 19 ملازمین شامل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اتوار کے روز ایتھوپیا کے مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں اقوام متحدہ کے 19 ملازمین بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جو بین الاقوامی ادارے کے کم از کم پانچ ذیلی اداروں کے لیے کام کر رہے تھے۔ یہ بات International Organization for Migration کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتائی گئی۔ بیان کے مطابق ان ذیلی اداروں میں عالمی ادارہ خوراک، اقوام متحدہ کا ہائی کمیشن برائے پناہ گزین، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونی کیشن یونین، اقوام متحدہ کا ماحولیاتی پروگرام اور عالمی بینک شامل ہے۔

اس سے قبل ایتھوپیا کی قومی فضائی کمپنی Ethiopian ایئرلائنز کے ترجمان نے بتایا تھا کہ کمپنی کا ایک طیارہ اتوار کی صبح نیروبی جاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا۔ بوئنگ 737-800 طیارے میں 149 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے۔ ترجمان کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8:44 پر دارالحکومت ادیس ابابا سے 62 کلو میٹر جنوب مشرق میں واقع قصبے بیشوفتو کےنزدیک پیش آیا۔

ایتھوپیا ریڈیو کے اعلان کے مطابق حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچ سکا اور طیارے میں 33 ملکوں کے شہری سوار تھے۔ ان میں برطانوی، امریکی، فرانسیسی اور کینیڈین شہری شامل ہیں۔

ایتھوپیا کے وزیراعظم نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر حکومت اور عوام کی جانب سے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔