.

ایران پر ایک بھی گولی چلی تو خطے میں امریکی مفادات کو آگ لگ جائے گی: ایرانی جنرل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اسلامی جمہوریہ کے خلاف کوئی بھی جارحیت کی تو اس کے خطے میں امریکی مفادات کے لیے سنگین مضمرات ہوں گے۔

ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل ابو الفضل شیکرچی نے ہفتے کے روز خبررساں ایجنسی تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایران کی جانب کوئی ایک گولی چلی تو اس کے بعد مشرقِ اوسط میں امریکا اور اس کے مفادات کو آگ لگ جائے گی‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’اسلامی جمہوریہ نے کبھی کوئی جنگ چھیڑی ہے اور نہ وہ چھیڑے گا۔اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو اس کو ایران کی جانب سے وسط اور مغربی ایشیا میں ایک بڑے انقلابی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ زیادہ دیر تک جنگ جاری نہیں رکھ سکے گا ۔

انھوں نے دھمکی دی کہ :’’ اگر دشمن ہماری جانب ایک گولی چلائے گا تو ہم اس کے جواب میں دس گولیاں چلائیں گے‘‘۔

شکرچی نے کہا :’’ اگر ایران نے خود کو حملے کی زد میں پایا تو دشمنوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور انھیں تاریخی جواب دیا جائے گا جس سے انھیں پچھتانا پڑے گا‘‘۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ امریکا اورا س کے اتحادی ایران کے ساتھ جنگ چھیڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں۔امریکا اسلامی جمہوریہ کے نظام کے دھڑن تختہ کی صلاحیت بھی نہیں رکھتا ہے۔اگر وہ ایسا کرسکتا تو آج سے بہت پہلے ایسا کرچکا ہوتا۔خطے اور دنیا میں موجودہ صورت حال مکمل طور پر ایران کے حق میں ہے‘‘۔