.

امریکی کانگرس کی صومالی نژاد خاتون رکن الہان عمر اسکینڈل کی زد میں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں ایک دھماکا خیز اسکینڈل منظر عام پر آ سکتا ہے جس کی مرکزی کردار صومالی نژاد امریکی خاتون رکن کانگرس الہان عمر ہوں گی۔ اسکینڈل کا پس منظر یہ ہے کہ ایک امریکی خاتون شہری ڈاکٹر بیتھ مینیٹ نے منگل کے روز واشنگٹن کی عدالت میں اپنے شوہر سے طلاق کے کاغذات داخل کیے ہیں۔

ڈاکٹر بیتھ مینیٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے رواں سال اپریل میں اپنے شوہر ٹِم مینیٹ سے اُس وقت علاحدگی اختیار کر لی جب ٹم نے بتایا کہ اُس کے صومالی نژاد رکن کانگرس الہان عمر کے ساتھ محبت کے تعلقات قائم ہیں۔

ڈاکٹر بیتھ (55 سالہ) اور ان کے شوہر کا ایک 13 سالہ بیٹا ہے۔

منگل کے روز عدالت میں پیش کیے گئے کاغذات میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ جوڑا اپریل میں سرکاری طور پر نہیں بلکہ عملی طور پر علاحدگی اختیار کر چکا ہے۔ اس سے قبل ٹم نے اپنی بیوی بیتھ کو الہان عمر کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بتایا تھا۔

کاغذات میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ دھوکہ دہی کے مرتکب شوہر نے اپنی بیوی کو بتایا کہ وہ پہلی بار الہان عمر سے اُس وقت ملا جب الہان نے اپنی انتخابی مہم کے دوران سیاسی مشیر کے طور پر خدمات کے لیے ٹم کا انتخاب کیا۔ امریکی خاتون رکن کانگرس نے 2018 سے اپنی انتخابی مہم کی مد میں ٹم مینیٹ اور ان کی کمپنی E. Street Group کو 2.3 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کی۔

رواں سال مارچ میں تین بچوں کی ماں الہام کو کیلیفورنیا کے ایک ریستوران میں ٹِم کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

طلاق کے علاوہ ڈاکٹر بیتھ اپنے بیٹے کو مستقل طور پر اپنے پاس رکھنے کی اجازت کے حصول کی کوششیں کر رہی ہیں کیوں کہ ان کا شوہر مسلسل الہان عمر کے ساتھ سفر میں رہتا ہے۔ اگرچہ خاتون رکن کانگرس کے ساتھ طے پانے والی ذمے داریوں میں یہ امر شامل نہیں ہے۔

یاد رہے الہان عمر کے سابق شوہر احمد ہیرسی سابق بینکار تھے۔ انہیں گذشتہ برس مینیسوٹا شہر کی کونسل میں ایک سینئر معاون کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل الہان کی شادی احمد نور سعید علیمی سے ہوئی تھی۔