سعودی عرب : پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے سربراہ یاسرالرمیان آرامکو کے نئے چئیرمین مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح دنیا کی بڑی تیل کمپنی آرامکو کے چئیرمین کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کے سربراہ یاسرالرمیان کو نیا چئیرمین مقرر کیا گیا ہے۔

خالد الفالح نے سوموار کی شب ایک ٹویٹ میں ان کے تقرر کی اطلاع دی ہے اور لکھا ہے کہ’’ میں اپنے بھائی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے چئیرمین یاسر عثمان الرمیان کو سعودی آرامکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چئیرمین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ان کا تقرر کمپنی کے حصص کی پہلی مرتبہ عوامی فروخت کے لیے پیش کش سے قبل اہم مرحلے پر کیا گیا ہے۔میں ان کی ہر مرحلے پر کامیابیوں کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘

آیندہ دو سے تین برسوں میں سعودی آرامکو کے بیس کھرب ڈالرز مالیت کے حصص کی فروخت متوقع ہے اور یہ دنیا میں کسی بھی کمپنی کے سب سے زیادہ مالیت کے حصص ہوں گے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مطابق آرامکو کے حصص کو2020-21 میں بین الاقوامی سطح پر فروخت لیے پیش کیا جائے گا۔اس سے قبل سعودی عرب پیٹرو کیمیکلز کی سرکاری فرم سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن( سابک) کو اس میں ضم کرنے کا عمل مکمل کررہا ہے۔

تاہم وال اسٹریٹ جرنل کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب آرامکو کے حصص کی دو مراحل میں فروخت پر غور کررہا ہے اور اس سال کے آخر میں پہلے مرحلے میں سعودی اسٹاک مارکیٹ (تداول ) کے ذریعے اس کے کچھ حصص کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔پھر 2020- یا2021 ء میں بین الاقوامی سطح پر آرامکو کے حصص فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

یاسرالرمیان کے تقرر سے قبل حال ہی میں سعودی عرب نے صنعتوں اور قدرتی وسائل کی وزارت کو توانائی کی وزارت سے الگ کردیا ہے۔خالد الفالح بدستور وزیر توانائی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے جبکہ بندر الخریف کو صنعتوں اور قدرتی وسائل کی نئی وزارت کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں