لیبیا : غریان شہر کے نزدیک غوط الریح پر حفتر کی فوج کا کنٹرول

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

العربیہ کے ذرائع کے مطابق جنرل حفتر کے زیر قیادت لیبیا کی فوج نے بدھ کی شب غریان شہر کے نزدیک غوط الریح کے علاقے پر دوبارہ سے کنٹرول حاصل کر لیا۔ اس سے قبل وفاق کی حکومتی فورسز نے چند گھنٹوں کے لیے غوط الریح پر قبضہ کر لیا تھا۔

ادھر لیبیا کی فوج نے الزاویہ شہر میں وفاق کی حکومتی فورسز کے زیر انتطام ڈرون طیاروں کے کنٹرول روم اور ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ڈپوؤں کا انکشاف کیا ہے۔ الزاویہ شہر لیبیا کے مغرب میں دارالحکومت طرابلس سے کم از کم 50 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔

لیبیا کی فوج کے میڈیا سینٹر نے منگل کی شب جاری کیے گئے ایک وڈیو کلپ میں بتایا کہ اس نے الزاویہ شہر میں واقع ایک آئل ریفائنری کے اندر سے ترکی کے ڈرون جاسوس طیاروں کو لیبیا کی فوج کے ٹھکانوں کی جانب اڑان بھرتے ہوئے دیکھا۔ اس کے علاوہ شہر میں ابو صرّہ کے علاقے میں بھاری ہتھیاروں اور بکتربند گاڑیوں کے گودام اور رابطوں کے آلات اور ساز و سامان کا بھی پتہ چلایا گیا ہے۔ لیبیا کی فوج نے علاقے میں داخل ہو کر ان تمام چیزوں کو قبضے میں لے لیا۔

یاد رہے کہ لیبیا کی فوج ترکی پر مسلسل یہ الزام عائد کرتی ہے کہ وہ لیبیا کے مغربی علاقے میں وفاق کی حکومت کی حمایت یافتہ مسلح ملیشیاؤں اور دہشت گرد جماعتوں کے مفاد میں معرکوں کی قیادت کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں ترکی ہتھیاروں، عسکری ساز و سامان اور ڈرون طیاروں کے ذریعے لوجسٹک سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے لیبیا میں کسی بھی فریق کو مسلح کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

الزاویہ شہر پر مسلح عناصر کی ایک بڑی تعداد قابض ہے۔ ان میں القاعدہ تنظیم کے اہم رکن شعبان ہدیہ عُرف ابو عبیدہ الزاوی کا بریگیڈ نمایاں ترین ہے۔ کئی ماہ قبل لیبیا کے اٹارنی جنرل کی جانب سے الزاوی کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا جا چکا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں