وینزویلا کے’جارحانہ اقدامات‘ کےردعمل میں امریکا کےعلاقائی دفاعی معاہدہ کا نفاذ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

امریکا نے وینزویلا کے ’جارحانہ اقدامات‘ کے جواب میں علاقائی دفاعی معاہدہ نافذ کردیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق امریکا نے خطے کے دس دوسرے ممالک اور اپنی حمایت یافتہ جوآن گائیڈو کے زیر قیادت وینزویلا کی عبوری حکومت کے ساتھ مل کر بین الامریکی معاہدہ برائے باہمی امداد (ٹائیر) کا نفاذ کیا ہے۔

محکمہ خارجہ نے بدھ کومعاہدے کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’وینزویلا کی جانب سے یہ درخواست وینزویلی عوام کے لیے علاقائی حمایت کا ثبوت ہے۔یہ نیکولس مادورو کے سابق رجیم کے خطے پر بڑھتے ہوئے تخریبی اثرونفوذ کو بھی تسلیم کرنا ہے۔‘‘

وینزویلا میں اس سال کے اوائل سے سیاسی بحران جاری ہے۔قومی اسمبلی کے اسپیکر جوآن گائیڈو نے جنوری میں آئین کو بروئے کار لاتے ہوئے ازخود ہی صدارت سنبھال لی تھی اور نیکولس مادورو کو برطرف کردیا تھا۔انھوں نے 2018ء میں مادورو کے بہ طور صدر انتخاب کو کالعدم قرار دے دیا تھا اور کہا تھاکہ وہ فراڈ کے ذریعے دوبارہ صدر منتخب ہوئے تھے۔

متنازع صدر مادورو قائم مقام صدر گائیڈو کو امریکا کا آلہ کار قرار دیتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وینزویلا کو درپیش سنگین اقتصادی مسائل امریکا کی پابندیوں کا نتیجہ ہیں اور امریکا نے انھیں اقتدار سے نکال باہر کرنے کے لیے یہ اقتصادی پابندیاں عاید کررکھی ہیں۔

وینزویلا کے خلاف اس کے ہمسایہ ملک کولمبیا نے گذشتہ سوموار کو اقوام متحدہ سے رجوع کرنے کااعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ عالمی ادارے سے یہ کہے گا کہ وینزویلا نے دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے۔

گذشتہ اتوار کو شام سے محافظوں کا ایک گروپ وینزویلا کے ایک سیاست دان کی سکیورٹی ٹیم کے طور پر کام کرنے کے لیے پہنچا تھا۔اس سیاست دان کا نام امریکا کو منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں