.

امریکا : 2600 کے قریب لوگ ہلاک، ایک دن میں کرونا سے اموات کا نیا ریکارڈ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا میں بدھ کی شب جونز ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے سبب تقریبا 2600 افراد فوت ہو گئے۔ یہ دنیا بھر میں ایک دن کے اندر کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

بدھ کی شب مقامی وقت کے مطابق 8 بجے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کوویڈ 19 وائرس نے 24 گھنٹوں کے اندر امریکا میں 2569 مریضوں کی جان لے لی۔ اس طرح ملک میں اس وبائی مرض میں مبتلا ہو کر فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 28326 تک پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل ایک دن کے اندر سب سے زیادہ 2228 اموات بھی امریکا میں ہی ریکارڈ کی گئی تھیں۔

گذشتہ ہفتے کے اختتام پر امریکا کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر آ گیا تھا۔ کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد کے حوالے سے بھی امریکا دنیا بھر میں سرفہرست ہے۔ یہاں کرونا کے تصدیق شدہ کیسوں کی کُل تعداد 6.37 لاکھ ہے۔ معلوم رہے کہ اب تک امریکا میں تقریبا 32 لاکھ افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا جا چکا ہے۔

اگرچہ نیویارک اب بھی امریکا میں اس جان لیوا وبا کا گڑھ ہے تاہم وہاں پر کرونا کے پھیلاؤ کی رفتار سست ہو رہی ہے اور ریاست کے ہسپتالوں میں پہنچائے جانے والے متاثرہ افراد کے کیسوں میں کمی آ رہی ہے۔

بدھ کی شام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس گمان کا اظہار کیا تھا کہ امریکا میں کوویڈ-19 وائرس کا پھیلاؤ غالبا اپنے "نقطہ عروج" پر پہنچ گیا ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں اُن "ہدایات" کا اعلان کریں گے جو دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے "دوبارہ کھولے جانے" کے عمل کو کنٹرول کریں گی۔